'پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھتی نظر آرہی ہے، انوویشن ایکسپو میں ڈونلڈ بلوم کا خطاب

'پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھتی نظر آرہی ہے، انوویشن ایکسپو میں ...
'پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھتی نظر آرہی ہے، انوویشن ایکسپو میں ڈونلڈ بلوم کا خطاب

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ، پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور ہر سال امریکی سرمایہ کاری پاکستان میں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

وہ اسلام آباد میں ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ سے خطاب کر رہے تھے جس میں امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستانی سٹارٹ اپس کی کامیابی کی کہانیاں پیش کی گئیں۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا شامل ہے۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ’ابھی بھی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش ہے اور اس کوشش میں کاروباری افراد مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے لیکن اسے ترقی کے مزید مراحل تک لے جانے کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

 دو روزہ ایکسپو میں کامیاب سٹارٹ اپس کو کاروباری آئیڈیاز اور پروٹو ٹائپس کی نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ، امریکہ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔’ایشیا فاؤنڈیشن پاکستان‘ کے سینیئر مشیر حارث قیوم نے پاکستانی سٹارٹ اپس کی کامیابی کو اجاگر کرنے کے لیے امریکی سفارت خانے اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے ساتھ جاری تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ پاکستان کے متحرک ٹیک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، یہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور تکنیکی جدت کی نمائش ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم کو سپورٹ کرنے کے لیے ’ایشیا فاؤنڈیشن‘ مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہے، ایشیا فاؤنڈیشن کو ایسے اقدامات پر شراکت داری کا اعزاز حاصل ہے جو کاروبار اور جدت کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کی پائیدار اور جامع ترقی میں تعاون کرنا ہمارا مقصد ہے۔

 ایکسپو میں وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک سپیکر سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ایک امریکی ماہر نے کی، پاکستان، مشرق وسطیٰ اور امریکہ کے کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں دستیاب مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرویز عباسی نے کہا کہ وہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ کے نتیجہ خیز نتائج دیکھ کر بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی طاقت اور اُن لامتناہی امکانات کا مظہر ہے جو اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ہم اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کرتے ہیں۔ایکسپو میں موجود مندوبین نے اس تقریب کے لیے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے مزید مواقع اور ممکنہ تجارتی شراکت داری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

مزید :

قومی -