قابل ِ فخر ادارے! محمدی ٹرسٹ اور الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال

   قابل ِ فخر ادارے! محمدی ٹرسٹ اور الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال
   قابل ِ فخر ادارے! محمدی ٹرسٹ اور الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیکیوں کا موسم بہار رمضان کریم تیزی سے جا رہا ہے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اپنا دامن خیر و برکت سے بھر رہے ہیں رمضان المبارک کی آمد کے باوجود جن لوگوں کو نیکی کی جانب قدم بڑھانے کی توفیق نہیں ہوتی ان کی بدنصیبی اِس سے عیاں ہے جبرئیل امین نے ان کے حق میں تباہی بربادی کی دُعا فرمائی ہے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس پر آمین کہا۔اس بابرکت ماہِ مبارک میں شیطان کو پابند ِ سلاسل ہی نہیں کیا جاتا عبادت کا اجر بھی کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا اجر دوگنا کر دیا جاتا ہے اسی طرح ایک روپیہ اللہ کی راہ میں صدقہ کرنے والے کا اجر بھی70گنا اور700گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ ہمارے وطن عزیز میں درجنوں ادارے ایسے کام سرانجام دے رہے ہیں جو ایک فرد انجام نہ دے سکے اس لئے اللہ کی توفیق سے ملک بھر میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص ایسے ٹرسٹ اور ویلفیئر کے ادارے موجود ہیں جن کا آغاز اللہ کی توفیق سے ایک فرد نے کیا اور پھر اخلاص اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھتے گئے اور قافلہ بنتا گیا۔ آج کے کالم میں ویلفیئر کے ایسے دو اداروں کی بات کرتے ہوئے اپنا حصہ ڈالنا ہے، جو100 فیصد مخیر حضرات کے تعاون سے دن رات خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ان میں پہلا محمدی میڈیکل ٹرسٹ آنکھوں کا ہسپتال ہے جس کا آغاز شادباغ کے علاقے میں محمد شفیق جنجوعہ صاحب نے 1979ء کو ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے کیا،46سال پہلے شروع ہونے والا سفر آج ایک بڑے قافلے اور تناور درخت کی صورت میں 480 شادباغ لاہور میں بڑی شان شوکت سے موجود ہے۔ 1979ء کی چھوٹی سی ڈسپنسری آج بڑے میڈیکل سنٹر میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں روزانہ سینکڑوں مریض 50روپے کی معمولی پرچی کے ساتھ امراضِ چشم کا علاج ہی نہیں کروا رہے،بلکہ جدید انداز میں آنکھوں کے ہر قسم کے ٹیسٹ اور آپریشن بھی مفت کیے جا رہے ہیں، دردِ دِل رکھنے والے افراد کے تعاون سے محمدی میڈیکل ٹرسٹ جو آنکھوں کا ہسپتال تو ہے ہی اہل علاقہ کی درخواست پر نہ صرف ایم ایم ٹی  نئے جدید میڈیکل کمپلیکس میں منتقل ہو چکا ہے،بلکہ آنکھوں کے ساتھ امراض جلد، ناک، کان،گلا، امراضِ دِل، بلڈ پریشر، شوگر، فزیو تھراپی، ہڈی جوڑ،امراضِ اعصاب، ماہر غذائیت کے شعبے بھی بھرپور انداز میں فعال ہو چکے ہیں۔ راقم کو گزشتہ دِنوں نامور ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عتیق کی قیادت اور ممتاز دانشور اوریا جان مقبول کی رفاقت میں محمدی میڈیکل ٹرسٹ جانے کا اتفاق ہوا۔ محمد شفیق جنجوعہ کے جانشین ہر دم بیدار شخصیت محمد ندیم کی پوسٹ گریجویٹ کلاسز سے فارغ التحصیل طلبہ طالبات کے لئے سجائی گئی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل ہوئی ایمانداری والی بات ہے دِل خوش ہو گیا مردِ درویش روح رواں محمدی میڈیکل ٹرسٹ محمد شفیق جنجوعہ صاحب کے ساتھ ان کے بازو محمد ندیم اور ان کے تاریخی مشن کے احباب سے بالمثافہ ملاقات کسی سعادت سے کم نہیں اُن کے لئے دِل جان سے خدمات  پیش کرنے سمیت ڈھیروں دعائیں اور اہل دانش اور مخیر حضرات سے درخواست ہے آپ کی توجہ کا حقیقی اور مستحق ادارہ ہے واقعی50روپے میں 50 ہزار والی مفت خدمات دے رہا ہے۔محمدی میڈیکل ٹرسٹ کے مختلف شعبہ جات میں تعاون پنجاب بنک مصری شاہ، شاد باغ برانچز کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

دوسرا ادارہ الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال  ہے اس کے روح رواں صدر ثناء اللہ خان کو بھی ذاتی طور پر جانتا ہوں مردِ درویش توحید پرست شخصیت سالہا سال سے ضیوف الرحمن کو رہنمائی کا فریضہ بھی انجام دیتے چلے آ رہے ہیں۔ الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال کا خواب بھی انہوں نے ساتھیوں کے ساتھ دیکھا اور پھر دن رات ایک کر کے اس کو شرمندہئ تعبیر کر دکھایا۔ مغلپورہ لاہور میں الاحسان ویلفیئر آئی ٹرسٹ امراضِ چشم میں آنکھوں کا معائنہ بلامعاوضہ صبح و شام،زکوٰۃ کے مستحق افراد کا آنکھوں کا آپریشن بالکل مفت،ماہر ترین FCPS اورFRCS ڈاکٹرز کی خدمات، کمپیوٹر کے ذریعے نظر کا معائنہ، سفید موتیے کا آپریشن بذریعہ الٹرا ساؤنڈ(Phoco) فولڈ ایبل لیز کے ساتھ بھینگے پن Sqentکا علاج اور آپریشن،شوگر اور بلڈ پریشر کے آنکھ پر مضر اثرات کا خاتمہ بذریعہ آرگن لیزر سفید موتیا کے بعد بننے والی جھلی کا خاتمہ کالے موتیے کی تشخیص سمیت FFR فنڈس کیمرہ کی سہولت اے سکین اور بی سکین آنکھوں کے الٹرا ساؤنڈ کی سہولت، لینز کا کمپیوٹرائزڈ نمبر نکالنے کے لئے آئی او ایل ماسٹر کی سہولت الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال نے اپنی خدمات مغلپورہ ہسپتال تک محدود نہیں رکھیں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تسلسل کے ساتھ فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد بھی جاری ہے اب شعبہ امراض نسواں، شعبہ فزیو تھراپی، شعبہ جنرل میڈیسن، شعبہ امراض جلد، شعبہ ہیپاٹائٹس، شوگر کے شعبہ جات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صدر ادارہ الحاج ثناء اللہ خان کا کہنا ہے الحمد للہ اب تک 671 کارنیا تبدیل کیے جا چکے ہیں ہسپتال امریکہ سے مارچ میں چھ کارنیا درآمد کر رہا ہے جو مریضوں کو مفت لگائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا یہ سب کچھ احباب کے تعاون سے ممکن ہے ایک فرد کے بس کا روک نہیں ہے۔ میزان بنک کے ذریعے الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال اور دیگر شروع کیے گئے منصوبہ جات میں تعاون کیا جا سکتا ہے اس ادارے کو بھی ذاتی طور پر جانتا ہوں اس لئے میں صدر ثناء اللہ خان، سیکرٹری محمد اشفاق میاں، فنانس سیکرٹری محمد سعید مغل کے لئے دُعا گو ہوں، جو خدمات وہ دے رہے ہیں اللہ اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور دین دنیا میں صدقہ جاریہ بنائے۔ ان کی مشکلات آسان بنائے اور تعاون کرنے والوں کو اجر ِ عظیم سے نوازے۔ مخیر حضرات ماہِ رمضان کی بابرکت سعاعتوں میں محمدی میڈیکل ٹرسٹ اور الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال کو ضرور یاد رکھیں۔

حق تو یہ ہے حق ادا نہ ہوا

میں قلم کے ذریعے جو فرض ادا کر سکتا تھا کر دیا اللہ ہماری کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔آمین

٭٭٭٭٭

الفاظ،1015

مزید :

رائے -کالم -