ایگزیکٹ کمپنی پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے: الطاف

ایگزیکٹ کمپنی پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے: الطاف
 ایگزیکٹ کمپنی پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے: الطاف

  

کراچی،لندن (ویب ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایگزیکٹ کمپنی کے حوالے سے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے سنسنی خیز انکشافات پر کہا ہے کہ اگریہ انکشافات درست اورحقائق پرمبنی ہیں تو یہ کہنا درست ہوگا کہ ایگزیکٹ نے انتہائی سنگین اور گھناؤنا عمل کرکے پاکستان میں رہ کر پاکستان کو نقصان پہنچانے اور ملک سے غداری کاعمل کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ میں پیش کیے جانے والے بھیانک انکشافات کی اعلیٰ ترین سطح پر فوری تحقیقات کروائی جائے اور اگر یہ الزامات درست ثابت ہوں تو اس گھناؤنے فراڈ میں ملوث ایگزیکٹ کمپنی کے ایگزیکٹو لیول کے افسران کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے اور ان پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلاکر انہیں ایسی عبرتناک اور مثالی سزا دی جائے کہ پاکستان میں آئندہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے عمل کا ارتکاب کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایگزیکٹ کمپنی کے ایگزیکٹو پوسٹ پر فائز تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے اور ان کے پاسپورٹ ضبط کیے جائیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے انتہائی حساس ترین اداروں کی اتنے بڑے اورگھناؤنے فراڈ سے لاعلمی نہ صرف افسوسناک بلکہ تمام محب وطن پاکستانیوں کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے۔

مزید : کراچی