سینئر رائٹر و ڈائریکٹر ناہید خانم سے ڈکیتی کی واردات کرنیوالے پولیس وردیوں میں ملبوس ڈاکو گرفتار نہ ہو سکے

سینئر رائٹر و ڈائریکٹر ناہید خانم سے ڈکیتی کی واردات کرنیوالے پولیس وردیوں ...

لاہور ( این این آئی) اسٹیج کی سینئر رائٹر و ڈائریکٹر ناہید خانم سے ڈکیتی کی واردات کرنیوالے پولیس کی وردیوں میں ملبوس ڈاکو گرفتار نہ ہو سکے ، پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے کوئی کارروائی نہیں کر رہی ، ناہید خانم کا الزام ۔ بتایا گیا ہے کہ سینئر رائٹر و ڈائریکٹر ناہید خانم کو دو روز قبل شادمان کے علاقہ میں پولیس کی وردیوں میں ملبوس دو افراد نے ان کی گاڑی روک کر گن پوائنٹ پر ان سے 32ہزار روپے کی نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا اور بعد ازاں دونوں ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے ۔ اس حوالے سے ناہید خانم نے تھانہ شاد مان میں درخواست دیدی ہے تاہم ابھی تک پولیس ملزموں کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ۔ اس حوالے سے ناہید خانم کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس وردیوں میں ملبوس ڈاکو حقیقی پولیس والے ہی تھے اور پولیس دانستہ طور پر اپنے پیٹی بند بھائیوں کو گرفتار نہیں کر رہی ۔ انہوں نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ڈکیتی کے مقدمے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔

مزید : کلچر