مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 10ویں برسی 24مئی کومنائی جائے گی

مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 10ویں برسی 24مئی کومنائی جائے گی
مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 10ویں برسی 24مئی کومنائی جائے گی

  

لاہو ر(این این آئی ) پاکستانی فلمی صنعت کے معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 10ویں برسی 24مئی کومنائی جائے گی ۔رنگیلا یکم جنوری 1937ء کو افغانستان میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محمد سعید خان تھا۔ اس عظیم فنکارنے شروع میں کئی فلموں کے بورڈ تک بھی پینٹ کئے اور پھر اسٹیج کی ر اہ اختیار کرلی۔اپنے فلمی کیریئر کا آغاز انہوں نے 1958ء میں فلم ’’جٹی‘‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔1969ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دیا اور طوفان‘‘ میں بہترین مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور رائٹر، گلو کار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر عوام کے سامنے آئے اور اپنی قابلیت منوائی۔رنگیلا پروڈکشن کے بینر تلے انہوں نے متعدد فلمیں بنائیں، ان کی مشہور فلموں میں ’’رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اوردو رنگیلے‘‘ شامل ہیں۔رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو شپ تک کا سفر انتھک محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا، اداکار رنگیلا جس بھی فلم میں کاسٹ کیے جاتے تھے وہ فلم رنگیلا کی وجہ سے ریلیز ہونے سے قبل ہی کامیاب تصور کی جاتی تھی۔ پردہ سکرین پر رنگیلا اور منور ظریف کی آمد فلم بینوں میں ارتعاش پیدا کر دیتی تھی۔انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئینوں کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کئے، اس کے علاوہ انہوں نے بہترین اداکاری اور دیگر شعبوں میں شاندار کاکردگی پر 9مرتبہ نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔اداکاری ہو یا گلوکاری رنگیلا نے ہر شعبے میں اپنے آپ کو منوایا۔رنگیلا کو فن پہلوانی کا بھی شوق تھا اور اپنی جوانی کے ایام میں کئی کشتیاں جیتے ۔اداکار رنگیلا 1991ء میں جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا ہوگئے اور فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی مگر بعدمیں انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں کام کام کرنا شروع کردیاتھا اور اپنی بے ساختہ اداکاری کے ذریعے ڈرامہ شائقین کے ہونٹوں پر مسکراہٹیں بکھیراتے رہے اور پھروہ 24 مئی 2005ء کو اس دنیا ئے فانی سے کوچ کرگئے۔رنگیلا کا ہر رنگ نرالا اور انداز جداگانہ تھا۔

انہوں نے لوگوں میں بے شمار خوشیاں بانٹیں اور فلم انڈسٹری پر وہ ان مٹ نقوش چھوڑے کہ ان کے ذکر کے بغیر پاکستانی فلمی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی۔اداکارہ رنگیلا کی10ویں برسی 24مئی کو ن کی صاحبزادی فرح دیبا کی رہائش گاہ پر منائی جائے گی جس میں شوبز سے وابستہ اہم شخصیات شرکت کرینگی۔

مزید : کلچر