میو ہسپتال میں زیر علاج سینئر اداکارہ مہوش کی حالت بدستور تشویشناک
لاہور ( این این آئی) میو ہسپتال میں زیر علاج سینئر اداکارہ مہوش کی حالت بدستور تشویشناک ، سرکاری سطح پر کوئی مدد نہیں کی گئی ، اداکارہ کے بھائی شاہد کا بیان ۔ تفصیل کے مطابق سینئر اداکارہ مہوش دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ان دنوں میو ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں وہ اب قومے کی حالت میں چلی گئی ہیں اور ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مہوش کی حالت ابھی تشویشناک ہے ، وینٹی لیٹر اتر جانے کے بعد ان کا سٹی سکین کرنے کے بعد کوئی حتمی بات بتائی جائے گا ۔ جبکہ اداکارہ کے بھائی شاہد کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی اداکارہ کا علاج سرکاری طور پر ہونا چاہیے مگر ابھی تک کسی حکومتی نمائندے نے رابطہ نہیں کیا ۔ تھیٹر سے تعلق رکھنے والے فنکاروں ارشد ملک ، خالد معین بٹ ، عابد کشمیری ، قیصر جاوید ، حسن مراد اور گوشی خان نے میو ہسپتال میں جا کر اداکارہ مہوش کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔