سی ڈی اے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے‘ مزمل صابری

سی ڈی اے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے‘ مزمل صابری

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) الفتح مارکیٹ ، جی نائن تھری اسلام آباد کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوئی۔ انتخابی نتائج کے مطابق نثار احمد مرزا الفتح مارکیٹ کے صدر، شوکت نواز سینئر نائب صدر، خرم سعید اور منیر جدون نائب صدور، محمد نعیم جنرل سیکرٹری، پرویز باجوہ جائنٹ سیکرٹری اور کلیم حسین شاہ سیکرٹری اطلاعات منتخب قرار پائے۔ یونین گروپ کے چیئرمین صوبیدار بشیربھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر عبدالرؤف عالم نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ سی ڈی اے الفتح مارکیٹ جی نائن تھری سمیت اسلام آباد کی تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ الفتح مارکیٹ میں سڑ کیں اور فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ مارکیٹ میں سٹریٹ لائٹس، پینے کے صاف پانی اور لیٹرین کی سہولت موجود نہیں ہے جس وجہ سے تاجروں اور گاہکوں کو مشکلات کا سامنا ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ ان تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے الفتح مارکیٹ کے نومنتخب صدر نثار احمد مرزا اور دیگر عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی تاجر تنظیموں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور ان کے ساتھ مل کر تاجر برادری کے مفادات کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ گروپ لیڈر عبدالرؤف عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پرزور دیا کہ تاجر برادری اپنی صفوں میں مضبوط اتحاد قائم رکھے کیونکہ آپس میں اتحاد قائم کر کے ہی وہ اپنے حقوق کا بہتر تحفظ اور مسائل حل کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے ساتھ کسی قسم کا تنازعہ نہیں چاہتی بلکہ پرامن ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا چا ہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دکانیں بند کرنے کے اوقات طے کرنے کے معاملے پر جلد ہی وزیراعظم سے ملاقات کی جائے گی اور اس مسئلے کا ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی جو ملک اور تاجر برادری دونوں کے مفاد میں ہو۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نثار احمد مرزا ایک محنتی تاجر لیڈر ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ الفتح مارکیٹ کے مسائل حل کرانے میں اپنا فعال کرداد ادا کریں گے جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں ان کو ہر ممکن تعاون پیش کرے گا۔ الفتح مارکیٹ جی نائن تھری اسلام آباد کو نومنتخب صدر نثار احمد مرزا نے اس موقع پر اپنی مارکیٹ کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ الفتح مارکیٹ میں سڑکوں، فٹ پاتھ اور سٹریٹ لائٹس کی حالت غیر تسلی بخش ہے جبکہ مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ اور لیٹرین کی سہولت بھی موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الفتح مارکیٹ کے مسائل سی ڈی اے کے ساتھ اٹھائے اور ان کو حل کرانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی مارکیٹ کی یونین تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے الفتح مارکیٹ یونین کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں منعقد کرنے پر چیمبر کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی تمام توانائیاں مارکیٹ کو بہتر طور پر ترقی دینے کیلئے استعمال میں لائیں گے۔ اسلام آباد کی دیگر مارکیٹوں کے صدور اور عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے نثار احمد مرزا سمیت الفتح مارکیٹ کے دیگر نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

مزید : کامرس