پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی سخت میں پریکٹس ‘ پہلا ٹی 20میچ کل ہو گا

پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی سخت میں پریکٹس ‘ پہلا ٹی 20میچ کل ...

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور سٹیڈیم تماشائیوں سے مکمل طور پر بھرا ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے ٹیموں نے سخت سیکیورٹی کے حصار میں قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی جبکہ چچائے کرکٹ ویلکم زمبابوے کے نعرے مار کر ماحول کو گرماتا رہا۔زمبابوے ٹیم نے لاہور آمد کے بعد ہوٹل میں قیام و طعام کے بعد سہ پہر کو قذا فی اسٹیڈیم پہنچی جہاں کنڈیشنز سے ایڈجسٹ ہونے کیلئے سوا دوگھنٹے تک باؤلنگ اور بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ پاکستانی نائب کپتان سرفراز احمد کے علاوہ ٹیم کے باقی چودہ کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ میں حصہ لیا۔ ٹیم پریکٹس کے دوران اسٹیڈیم کے اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات رہی جبکہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی جاری رہی۔ٹیموں کی پریکٹس کے دوران اسٹیڈیم کے باہر چچائے کرکٹ سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے ویلکم ویلکم زمبابوے کے نعرے لگاتا رہا۔پریکٹس کے بعد دونوں ٹیموں کو قافلے کی شکل میں اسٹیڈیم سے ہوٹل پہنچایا دیا گیا۔

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور زمبابوے کے مابین دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 22مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام سات بجے کھیلا جائے گا جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور سٹیڈیم تماشائیوں سے مکمل طور پر بھرا ہوگا ۔سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔پاکستان اور زمبابوے کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین 2008سے 2013 تک پانچ ٹی ٹونٹی میچزکھیلے گئے جو کہ پانچوں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیتے ۔دونوں ٹیموں کے مابین ماضی میں کھیلے جانے والے پانچ ٹی ٹونٹی میچوں میں سے پہلا میچ 2008میں کینیڈا میں کھیلا گیا جو کہ پاکستان کی ٹیم نے جیتا جبکہ زمبابوے میں 2011سے 2013تک دونوں ٹیموں کے مابین چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے جو کہ پاکستان نے جیتے۔پاکستان کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کوئی ٹی ٹونٹی میچ نہیں ہوسکا ۔زمبابوے کے خلاف مصباح الحق اور محمد حفیظ کی کپتانی میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دو دو میچز جیتے ہیں جبکہ شعیب ملک کی کپتانی میں ایک میچ جیتا ہے ۔شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف پہلی دفعہ ٹی ٹونٹی میچ کھیل رہی ہے ۔ پاکستان کی ٹیم نے اب تک دنیا کی مختلف ٹیموں کے خلاف مختلف گراؤنڈز میں 86ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں جن میں سے پاکستان نے 50جیتے 34ہارے اور دو ٹائی ہوئے ۔ زمبابوے کی ٹیم نے دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک 31میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 6جیتے 24ہارے ایک ٹائی ہوا ۔ پاکستان کے پندرہ رکنی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں سے 6کھلاڑی پاکستان کی سر زمین پر پہلے کھیل چکے ہیں لیکن 9کھلاڑی جن میں عمر اکمل ،احمد شہزاد ،اسد شفیق ،ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی ،محمد عرفان اور جنید خان وغیرہ شامل ہیں پہلی دفعہ پاکستان کی سرزمین پر اپنے شائقین کے سامنے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی