کمشنرلاہورکی جانب سے زمبابوے ٹیم کے اعزازمیں عشائیہ

کمشنرلاہورکی جانب سے زمبابوے ٹیم کے اعزازمیں عشائیہ

لاہور( جنرل رپورٹر‘سپورٹس رپورٹر) کمشنر لاہور کی جانب سے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں گزشتہ رات عشایئے میں زمبابوے وفد کے سربراہ مسٹر اوزیس بوؤٹے، چیئرمین پی سی بی شہریار خان، سابق مایہ ناز کرکٹرز، ٹیموں کے منیجرز کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سید مبشر رضا، سیکرٹری صحت، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل، ڈی سی او لاہور، تمام اسسٹنٹ کمشنرز لاہور اور معروف اینکر پرسنز نے شرکت کی۔ زمبابوے وفد کے سربراہ مسٹراوزیس بوؤٹے نے گزشتہ رات عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان کو چیلنج سمجھتے ہیں اور مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔ پاکستان دورے کا فیصلہ ہمارا اپنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورہ پاکستان سے کرکٹ کی فتح ہوئی ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے والہانہ انداز میں زمبابوے کرکٹ وفد کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے یہاں جو تیاریاں کی گئی ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے دورہ پاکستان سے جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے پاکستان کا ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کو دیکھنے کے لیے پاکستانیوں کا جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے ٹیم نے ٹریول ایڈوائزریز کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنے پیار کا اظہار کیا ہے جس کے لیے ہم ان کے نہایت مشکور ہیں۔ عشائیہ سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور ڈی سی او لاہور نے بھی خطاب کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی