ایل آر سی اے و کمشنر سکول کرکٹ کپ سے ٹیلنٹ سامنے آئیگا

ایل آر سی اے و کمشنر سکول کرکٹ کپ سے ٹیلنٹ سامنے آئیگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( سپورٹس رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل آر سی اے) و کمشنر سکول کرکٹ کپ 2015ء سے وہ ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو اپنا مقام قومی سطح پر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی اسکولوں کی کل بیس ٹیمیں 4 پولزکے ذریعے مدمقابل ہوں گی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں بہترین کھلاڑی اسکول سطح سے اپنا نام بنا کر سامنے آتے ہیں اسی مقصد کے تحت یہ ٹورنامنٹ کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ چیئرمین آرگنائزنگ کپ و سیکرٹری جم خانے کرکٹ کلب جاوید زمان خان کی کاوشوں سے ٹیموں کی سلیکشن ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم تا 15 جون تک جاری رہنے والے اس کپ کی لانچنگ تقریب 28 مئی 2015ء کو باغ جناح جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر و سیکرٹری آرگنائزنگ کپ صاحبزادی وسیمہ عمر، جاوید زمان خان، جنید ضیاء، صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم، سائرس سعود جان، صدر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کاشف مرزا اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سپورٹس منیجرز نے شرکت کی۔