شاہد آفریدی نے ایشانت شرما کو سب سے مشکل باؤلر قرار دیدیا

شاہد آفریدی نے ایشانت شرما کو سب سے مشکل باؤلر قرار دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(آن لائن) پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے حیران کن طور پر ہندوستانی باؤلر ایشانت شرما کو سب سے مشکل باؤلر قرار دیا ہے۔لندن میں انگلش ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ نیٹ ویسٹ بلاسٹ کھیلنے کیلئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ انہیں ایشانت شرما سب سے مشکل باؤلر لگتے ہیں کیونکہ آپ ان کی گیند پر آسانی سے شاٹ نہیں مار سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2009 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فتح کے بعد انہوں نے ڈانس کیا تھا کیونکہ وہ ایک خوشی کا موقع تھا اور میرے ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا تھا کہ میں بہت اچھا ڈانس کرتا ہوں۔شاہد آفریدی نے جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بہترین کھلاڑی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر اے بی ڈی ویلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو وہ ہر طرز کی کرکٹ کھیل سکتا ہے اور ہر طرح کا شاٹ کھیل سکتا ہے چاہے وہ کرکٹ کی کتاب میں ہو یا نہیں۔
آفریدی نے 2009 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور فائنل میں سری لنکا کے خلاف کارکردگی کو اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی سب سے بہترین کارکردگی قرار دیا۔ آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں 51 رنز کی اننگ کھیلنے کے ساتھ میچ میں 16 رنز کے عوض ہرشل گبز اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسی اہم وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔شہرہ آفاق آل راؤنڈر نے فائنل میں اسی کارکردگی کو دہراتے ہوئے ایک وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ 54 رنز کی فتح گر اننگ کھیل کر پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن بنوایا تھا۔