جنرل ہسپتال میں 35لاکھ روپے کی لاگت سے 2فلٹریشن پلانٹ نصب

جنرل ہسپتال میں 35لاکھ روپے کی لاگت سے 2فلٹریشن پلانٹ نصب

لاہور( جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال اور پوسٹ گرایجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں 35 لاکھ روپے کی لاگت سے چلر سمیت دو واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دئیے گئے ہیں ایل جی ایچ میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹ 2 ہزار گیلن فی گھنٹہ کے حساب سے پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کرے گا ۔مذکورہ دونوں منصوبے انجمن بہبودی مریضاں کے مالی تعاون سے مکمل ہوئے ہیں ۔یہ بات پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے ایک اجلاس میں کہی اس موقع پر اے بی ایم کے عہدیدار ملک اسلم ، یاسر اعجاز ،شیخ حبیب اللہ، علیم ملک ،راحت حبیب و دیگر موجو د تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے انکشاف کیا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں ، لواحقین اور سٹاف کی کثیر تعداد کے پیش نظر 20 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک اور واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا جا رہا ہے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں ہسپتال آنے والوں کو صاف اور ٹھنڈا پانی میسر آ سکے ۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ان کے بطور پرنسپل دور میں مخیر حضرات کی جانب سے جو خطیر عطیات اور رقوم ہسپتال میں مریضوں کی فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے وصول ہوئیں ان کے خرچ اور استعمال کو شفاف ثابت کرنے کے لئے ان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے لئے عطیات دینے والے لوگ عظیم اور ہمارے معاشرے کا قابل احترام حصہ ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1