لائن آف کنٹرول کے آر پار تجارت کے لیے نئے راستے تلاش کیے جارہے ہیں

لائن آف کنٹرول کے آر پار تجارت کے لیے نئے راستے تلاش کیے جارہے ہیں

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا ہے لائن آف کنٹرول کے آر پار تجارت کے لیے نئے راستے تلاش کیے جارہے ہیں ۔ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ میں چاہتا ہوں کہ آر پا ر تجارت کیلئے نئے راستوں کی نشاندہی ہو تاکہ آر پار رشتے اوربھی مضبوط ہوجائیں۔ مفتی نے ریاست جموں و کشمیر کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا کہ عوام کو گو ناں گوں مشکلات سے نجات دلانے کے لئے مخلوط سرکار ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور اس کے لئے تمام سرکاری مشینری کو بروئے کا لایا جا رہا ہے ۔انہو ں نے ضلع کپوارہ کے متعدد علا قو ں کا دورہ کیا ۔

جس کے دوران انہو ں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ورک کلچر کو بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادو ں پر اقدامات اٹھائیں اور عوامی مسائل کا حل کرنے میں پوری مشینری کو بروئے کار لائیں ۔عوام کی دہلیز پر حکومت کی فراہمی کا وعدہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست میں تعمیر و ترقی کا انقلاب بپا کرنے کا اعلان کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ عوام بہبودی ،فلاحی اورترقیاتی اسکیموں کے فوائد کے مستحق ہیں اور موجودہ سرکار سے تمام ترقیاتی پرو جیکٹوں کی بروقت تکمیل کی تو قع رکھتے ہیں۔مفتی محمد سعید نے لنگیٹ پہنچتے ہیں سب ضلع اسپتال لنگیٹ کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ کیا اور اسپتال عمارت کو فوری طور مکمل کرنے کے احکامات صادر کئے جس کے بعد وزیر اعلی ہندوارہ پہنچ گئے اور وہا ں منی سیکرٹریٹ کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا ۔کپوارہ پہنچنے پر انہو ں نے نئے بس اڈے ریگی پورہ کا معائنہ کیا اور اس کے بعد ضلع اسپتال کپوارہ میں سو بسترے والے زیر تعمیر اسپتال عمارت کا وزیر صحت کی موجودگی میں جائزہ لیا انہو ں نے اسپتال میں مریضوں کے لئے بہتر سہولیات کے لئے محکمہ کے اعلی آفیسران پر زور دیا ۔سوگام میں سب ضلع اسپتال کی زیر تعمیر عمارت کی نامکمل ہونے پر وزیر اعلی نے مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے بتا یا کہ اس عمارت کو بہت کم وقت میں مکمل کیا جائے گا ۔مفتی محمد سعید نے کہا پی ڈی پی بی جے پی مخلوط سرکار ریاست کے تینو ں خطوں کی ترقی کی متمنی ہے اور اس کے لئے وہ مستقبل قریب میں ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ امن اور ترقی کے معاملہ پر مخلوط سرکار وعدہ بند ہے ۔وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا کہ ان کی سرکار ریاست میں تعمیر و ترقی کا جال بچھانے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عنقریب ریاست کے صارفین کو 2011کی مردم شماری کے مطابق راشن فراہم کیا جائے گا۔

مزید : عالمی منظر