شہدائے کشمیر کی یاد میں آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی ، تقاریب ہوں گی

شہدائے کشمیر کی یاد میں آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی ، تقاریب ہوں گی

سری نگر(کے پی آئی) شہدائے کشمیر کی یاد مین آج ( جمعرات کو)مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی ، تمام کاروباری ادارے بازار اور دکانیں بند رہیں گی، ٹرانسپورٹ کا سلسلہ بھی معطل رہے گا۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے مذہبی و سیاسی رہنما شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق ، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کے موقع پر دی ہے ۔میرواعظ عمر فاروق نے حریت پسند عوام خاص طور پر عوامی مجلس عمل کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی اور اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول ، شہدا کے لیے آج مکمل ہڑتال کریں ۔ ادھر سری نگر میں ، شہدائے حول اور دیگر تمام شہدا کی یاد میں ہفتہ شہادت کی تقریبات کے چوتھے دن عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام تاریخی جامع مسجد سرینگر کے احاطے میں عطیہ خون کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا ، میرواعظ عمر فاروق نے افتتاح کیا جس کے بعد حریت رہنماؤں نے انجینئر ہلال احمد وار ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کے علاوہ بڑی تعداد میں حریت پسند عوام ، معزز شہریوں اور خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین نے بھی اپنے قیمتی خون کا عطیہ پیش کیاجو وقت ضرورت حاجتمندوں کے کام آئیگا۔اسی دوران قائم کئے گئے مفت طبی کیمپ میں کشمیر کے سرکردہ ڈاکٹر اور ایچ او ڈی جن میں ڈاکٹر سلیم وانی، ڈاکٹر خورشید عالم، ڈاکٹر پرویز کول،ڈاکٹر گل جاوید، ڈاکٹر نجیب درابو ، ڈاکٹر الطاف کاؤسہ، ڈاکٹر عمران حفیظ، ڈاکٹر شوکت احمد، ڈاکٹر یاسمین کانگو، ڈاکٹر سمیر احمد، ڈاکٹر غزالہ محمود، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر عندلیب ، ڈاکٹر نکہت وغیرہ کے علاوہ یونانی معالجین شامل ہیں خاص طور پر الحیا ہسپتال کے بانی چیرمین ڈاکٹر فیروز نقشبندی اپنی پوری ٹیم کے ساتھ موجود تھے، ڈاکٹروں نے مختلف امراض کے شکاربائیس سو (2200) حاجتمند مریضوں کا معائنہ کرکے منتظمین کی جانب سے مفت ادویات بھی تقسیم کیں اور کئی معروف ڈاکٹروں نے جذبہ انسانی کے تحت اس کیمپ میں بنفس نفیس اپنے خون کا عطیہ بھی پیش کیا۔

اس بیچ ہفتہ شہادت کی تقریبات کے سلسلے میں جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے مختلف زونوں میں خصوصی سمیناروں، سپموزیموں اور پبلک جلسوں کے ضمن میں تنظیم کے زون نواکدل کے اہتمام سے مرکزی چوک میں علاقہ بھر کے تنظیمی قائدین، عہدیداروں اور پرجوش کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے حق خودارادیت اور آزادی کے بنیادی حق کو حاصل کرنے کیلئے روز اول سے بلا امتیاز شہر خاص کے عوام نے جو مثال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں وہ رواں جدوجہد آزادی کا ناقابل فراموش باب ہے اور جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل ان انمول قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر نہ تو خود اور نہ ہی کسی کونظر انداز کرنے کی اجازت دیں گے اور نہ ہی سودابازی کی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ مجلس عمل حریت پسندوں کی ایک ہر اول جماعت ہے اور اس قیادت نے وقتی مراعات، مفادات اور اقتدار کو لات مار کر ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی موثر ترجمانی کی ہے اور یہ سلسلہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے تک جاری رہیگا۔ انشا اللہاس موقعہ پر جناب میرواعظ نے ممتاز دینی و سیاسی رہنما اور جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے بانی چیرمین شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون، شہدا حول اور جملہ شہدائے جموں وکشمیر کے تئیں پر خلوص خراج عقیدت ادا کیا اور انکے پاکیزہ مشن کے تئیں تجدید کیلئے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید : عالمی منظر