امریکی حکام نے اسامہ کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی مزید دستاویزات جاری کر دیں

امریکی حکام نے اسامہ کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی مزید دستاویزات جاری کر دیں

واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکی حکام نے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی مزید دستاویزات جاری کی ہیں جن میں کتابیں، خطوط اور القاعدہ کا آپریشن چلانے کے حوالے سے معلومات شامل ہیں۔امریکہ کی خصوصی افواج نے 2011 ء میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کو ایک خصوصی آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔اس کارروائی کے دوران کمپاونڈ میں موجود دستاویزات کو بھی امریکی افواج نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔اسامہ بن لادن کے کمپاونڈ میں عربی میں کی گئی خط و کتابت کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی کتابیں موجود تھیں۔ اسامہ بن لادن کی کتابوں کی الماری میں عسکری نظریات اور معیشت پر لکھی گئی کتابیں بھی تھیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید دستاویزات جلد جاری کی جائیں گی۔ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلجنس کا کہنا ہے کہ دستاویزات شائع کرنے سے پہلے ان کا بغورجائزہ لیا گیا۔امریکی حکام کی جانب سے شائع کی گئی دستاویزات میں خطوط، نوٹس اور القاعدہ کا آپریشن چلانے کے حوالے سے مواد کا ترجمہ شامل ہے۔ ایبٹ آباد کے کمپاونڈ سے ملنے والے زیادہ تر دستاویزات عربی میں تھیں۔ان دستاویزات میں فرانس کے عنوان کے حوالے سے بھی مواد جاری کیا گیا ہے۔ جس میں فرانس کے کالجوں کی رپورٹس اور فرانس کی فوج، سیاست اور معیشت کے حوالے سے آرٹیکلز شامل ہیں امریکہ کی جانب سے جاری کردہ خفیہ دستاویزات کے مطابق کمپاونڈ سے ’خودکشی روکنے کی رہنمائی‘ کے عنوان سے ایک مسودہ بھی ملا ہے۔معلومات کے مطابق اسامہ بن لادن کے کمپاونڈ سے کچھ نقشے اور ویڈیو گیمز کے کھیلنے کے گائیڈ ملی ہیں جبکہ بوب وڈورڈز کی کتاب ’اوبامہ وار‘ بھی ملی۔اس سے قبل سنہ 2012 میں ویسٹ پوائینٹ میں امریکی ملٹری اکیڈمی نے اسامہ بن لادن کی تلاش کے لیے کئے گئے خفیہ آپریشن کے دوران ملنے والی چند دستاویزات جاری کی گئی تھیں۔

مزید : علاقائی