ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے 6افسران کو آج طلب کر لیا

ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے 6افسران کو آج طلب کر لیا

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کال سینٹر سے مزید پانچ کمپیوٹر اور فون سیٹ قبضے میں لے لئے ہیں اور اہم دستاویزات بھی تحویل میں لے لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر تنویر کی قیادت میں ایف آئی اے کی ٹیم ایگزیکٹ آفس سے نکل کر کال سینٹر پہنچی جہاں سے انہوں نے مزید 5 کمپیوٹرز اور اہم دستاویزات قبضے میں لیں۔ ذرائع کے مطابق تحویل میں لئے گئے سامان میں 4 کمپیوٹرز، ایک سرور اور 2 وائرلیس فون سیٹ شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران ایگزیکٹ کے دفتر سے بیرون ممالک یونیورسٹیز سے متعلق کاغذات اور ایجوکیشن کنسلٹنسی سے متعلقہ دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں۔دوسری جانب ایف آئی اے ایگزیکٹ کمپنی کے 6 افسران کو آج صبح 11 بجے طلب کر لیا ہے اور متعلقہ افسران کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عطاء کی جانب سے ایگزیکٹ کے سی ای او سے تفصیلات دینے کیلئے خط بھی لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹ جن اداروں کی ڈگریاں دیتا ہے ، ان کے پتے اور ویب سائٹ، ادارے کا اجازت نامہ اور ایچ ای سی کا این او اور اب تک جن طلبہ نے ایگزیکٹ سے ڈگری حاصل کی ہیں ان کی معلومات بھی فراہم کرے۔ ذرائع کے مطابق خط کے ذریعے ایگزیکٹ اور بول کیلئے خریدے گئے ہاڈوئیرز، سافٹ وئیرز کی خریداری کی انوائسز، ایگزیکٹ کے اثاثے، ملازمین کی تعداد، مہارت، تنخواہوں کی تفصیلات اور ایگزیکٹ کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

مزید : صفحہ اول