بجٹ میں سب سے زیادہ ترجیح بجلی کے منصوبوں کو دی جائے گی ،حمزہ شہباز
لاہور( جنرل رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے خودروزگار سکیم کے دوسرے مرحلے میں 6368گاڑیوں کی تقسیم کی قرعہ اندازی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارادے مصمم ہوں تو قائد اعظم کے خوشحال پاکستان کے تصور کو عملی جامہ پہنانے اور قومی مسائل کے حل کی راہ نکل آتی ہے ۔ موجودہ حکومت نے صاف اور شفاف سسٹم کے تحت نوجوانوں میں 50ہزار گاڑیوں کی میرٹ پر تقسیم کے دوسرا مرحلے کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں کسی بھی سفارش کے بغیر مارکیٹ سے کم قیمت پر گاڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کا بہت بڑا چیلنج درپیش تھا جسے سیاسی قیادت ، افواج پاکستان ، سول سوسائٹی اور عوام نے مصمم ارادے کے ساتھ کافی حد تک حل کرلیا ہے اور ان دشمنوں کو جو پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے تھے شکست دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر 100فیصد قابو پائے بغیر ہم ملک میں خوشحالی نہیں لاسکتے ۔موجودہ حکومت درست سمت میں تیزی کے ساتھ کام کررہی ہے۔بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لئے کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے اور بہاولپور میں سولر منصوبے کے بعد ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے اور وفاق اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے ایل این جی کے ذریعے 1400اور 3600میگا واٹ کے دو منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے والی ہے۔ ایک عرصے سے زیرالتوا 950میگا واٹ کے نیلم جہلم منصوبے کے لئے بھی پیسے رکھ دیئے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہروں اور دیہات میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے انٹرنیشنل بڈنگ کے ذریعے کام شروع ہوچکا ہے ، اس کے پہلے منصوبے کا ایک ہفتے میں بہاولپور میں افتتاح کیا جائے گا اور 2017کے آخر تک صوبے کے 36اضلاع میں کروڑوں افراد کو پینے کا صاف پانی ملنا شروع ہو جائے گا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں سیاست نہیں بلکہ عوامی خدمت اور لوگوں کے مسائل کرنے والی قیادت پر عوام اپنے اعتماد کا اظہار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ، جمہوری ادارے اور پاکستان انشاء اللہ آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہونگے۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے کمپیوٹر کے ذریعے قرعہ انداز ی میں حصہ لیا اور حاضرین سے مختلف 9نمبر پوچھ کر قرعہ اندازی کا بٹن دبایا جس کے ساتھ ہی گاڑی حاصل کرنے والے6368خواتین وحضرات کے نام سکرین پر آنا شروع ہوگئے۔ حمزہ شہباز نے تقریب میں ہی ٹیلی فون کرکے گاڑی حاصل کرنے والے 2درخواست دہندگان ملک وسیم سے راولپنڈی اور محمد بلال سے گوجرانوالہ میں خود بات چیت کی اور انہیں گاڑی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ساری قوم کو ایگزٹ سکینڈل پر تشویش ہے جعلی ڈگریوں کا کاروبار ہم سب کے لئے شرمندگی کا باعث ہے اس کے پیچھے کارفرما تمام عناصر کا کڑا احتساب ہونا چاہیے تاکہ وہ مثال بن سکیں اور آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو۔بجٹ کے حوالے سے ایک سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں سب سے زیادہ اولین ترجیح بجلی کے منصوبوں کو دی جائے گی اور پنجاب میں باصلاحیت نوجوانوں کے لئے ایک ارب روپے کا ایڈوومنٹ فنڈ رکھا جارہا ہے جو بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خرچ کیا جائے گا۔حمزہ شہباز نے لاہور میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کی آمد کو خوش آئند امر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے عام آدمی کو سبزیوں سے لے کر کرائے تک میں ریلیف ملا ہے اور انشاء اللہ ہم 2018سے قبل لوڈشیڈنگ کے جن کو بھی بوتل میں بند کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بہت بڑا بریک تھرو ہے حکومت نے کراچی سے لاہور موٹروے پر کام کا آغاز کردیا ہے ۔اس موقع پر بنک آف پنجاب کے چیئرمین نعیم الدین خان نے کہا کہ پنجاب بنک کا اس سکیم میں 99.8 فیصد ریکوری ریٹ ہے جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی شفافیت کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے اور جیسے جیسے گاڑیاں بنتی جائیں گی ہم 50ہزار کا ہدف حاصل کرلیں گے۔سکیم کے چیئرمین علاؤالدین شیخ نے کہا کہ یہ سکیم وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے شاندار ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے نوجوان اپنے پاؤں پر آپ کھڑا ہوسکیں گے۔پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد اور نواز چوہان بھی تقریب میں موجود تھے۔