گدا گروں کیخلاف کاروائی میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی ،طیب حفیظ چیمہ

گدا گروں کیخلاف کاروائی میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی ...

 لا ہور (وقائع نگا ر خصو صی )چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہاہے کہ امن وامان اور سکیورٹی کے پیش نظر ڈی ایس پیزاور سیکٹر انچارجزسڑکوں اورٹریفک سگنلزپر بھیک مانگنے والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ گداگروں کے خلاف کارروائی میں کسی بھی غفلت ،کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں سے ہر گز کوئی رعایت نہیں ہو گی اور اس سلسلے میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کی جائے گی ۔سی ٹی اونے کہا کہ گذشتہ 6ماہ کے دوران ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران 170بھکاریوں کو حراست میں لیتے ہوئے 118خواتین اور کمسن بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا جبکہ 52پیشہ وربھکاریوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرادےئے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تما م ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اپنی نگرانی میں گداگروں اور پیشہ وربھکاریوں کیخلاف موثر کاروائی کرتے ہوئے انہیں ضلعی پولیس کے حوالے کریں۔جرائم پیشہ عناصر گداگروں کے روپ میں شہریوں کی جان ومال کے دشمن ہیں جبکہ سگنلز پر بھیک ما نگنے والوں کی وجہ سے اکثر ٹریفک پرابلم بھی پیدا ہوتی ہے ،طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ان کیخلاف کاروائی کرنے سے سگنلز پرٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آتی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے کہا کہ وہ سڑکوں،چوراہوں پر بھیک مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں خیرات نہ دیں اورپیشہ ور گداگروں کی اطلاع ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

مزید : علاقائی