تعلیم کا فروغ حکومت کا اہم ترین پالیسی ایجنڈا ہے،قمر السلام راجہ

تعلیم کا فروغ حکومت کا اہم ترین پالیسی ایجنڈا ہے،قمر السلام راجہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب کا اہم ترین پالیسی ایجنڈا فروٖغ تعلیم ہے ، 2018تک سو فیصد انرولمنٹ کے لیے ’پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب ‘ لانچ کر دیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کی کامیا بی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن لیڈنگ رول ادا کر رہی ہے ۔ دوسری جانب آئندہ صوبائی بجٹ میں تعلیم کو خصوصی ترجیح دی جائے گی اور فروغ تعلیم کے لیے خاطر خواہ فنڈز اور وسائل مہیا کیے جائیں گے تاکہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے ۔ اس حوالے سے یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ چاروں وفاقی اکائیاں فروغ تعلیم کے لیے جذبہ مسابقت سے مصروف عمل ہیں جو مثبت علامت ہے ۔ یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئرقمر الا سلا م راجہ نے اپنے دفتر میں ورلڈ بنک کے تین رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی ۔ وفد میں شہر زاد لطیف ، علی انصاری اور عائشہ خان شامل تھے ۔ چیئرمین پیف نے بتایا کہ پیف غریب بچوں کو اُن کی دہلیز پرمعیاری تعلیم دلانے کے لیے اپنے مفت تعلیم کے منصوبوں کو مسلسل توسیع دے رہی ہے ۔ یف نے سکولوں کا گھروں سے فاصلہ کم کر دیا ہے تاکہ بے وسیلہ بچے پبلک ٹرانسپورٹ کے محتاج نہ ہوں ۔اس موقع پر ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے بتایا کہ پارٹنر سکولوں کامعیار تعلیم بڑھانا ہماری اہم ترجیح ہے ۔ اس حوالے سے 110 ضرورت مند سکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے 21اضلاع میں پائلٹ سکول امپروومنٹ پروگرام لانچ کر دیا گیا ہے ۔

اسی طرح چائلڈ فرینڈلی سکولنگ کے ذریعے طالب علموں کی شخصیت میں نیا اعتماد پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں نیو سکول پروگرام کے ذریعے تعلیم عام کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکنڈری سکولوں کے طالب علموں کے معاشی امکانات کو بہتر بنانے کے لیے سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام انتہائی مفید ثابت ہو گا ۔ اس طرح ملک کو ٹرینڈ ہیومن ریسورس میسر آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پیف نے گرلز ایجوکیشن کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ اس موقع پر ورلڈ بنک کی سینئر ایجوکیشن سپیشلسٹ شہر زاد لطیف نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات انتہا ئی متاثر کن ہیں ۔ اجلاس میں پیف کے ڈی ایم ڈی سلمان انور ملک اور پروگرام ڈائریکٹرز بھی موجود تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4