ریڑھی لگانے کی جگہ پرقبضہ کرنے کی خاطر گونگے شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے پر تھانہ ہنجروال پولیس سے آج رپورٹ طلب

ریڑھی لگانے کی جگہ پرقبضہ کرنے کی خاطر گونگے شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ...

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے ہنجروال میں ریڑھی لگانے کی جگہ پرقبضہ کرنے کی خاطر گونگے شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے پر تھانہ ہنجروال پولیس سے آج 21مئی کورپورٹ طلب کرلی ہے۔ عدالت نے گونگے شخص اور اس کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے،گونگا شخص فقیر حسین ٹھوکرنیاز بیگ کا رہائشی ہے جو اپنے تین بچوں کا پیٹ پالنے کی خاطر ہنجروال روڈ پر ریڑھی لگاتا ہے۔ عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جمشید نامی شخص نے اس کی جگہ پر قبضہ کرنے کے لئے اس کو ہراساں کیا اور تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔ فقیرحسین اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوا ، گونگا ہونے کی وجہ سے وہ عدالت کو نہ سمجھا سکا جس پر اس کی بیوی اور وکیل نے عدالت کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔عدالت نے گونگے شخص کے بیان کے بعد ہنجروال پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ درخواست گزار اور اس کے بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4