ایم ڈی پیپکو عمر رسول،جنرل مینیجر پیپکو سعید احمد اور چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان کو توہین عدالت کے نوٹس
لاہور(نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں غیر تسلی بخش جواب داخل کرانے پرایم ڈی پیپکو عمر رسول،جنرل مینیجر پیپکو سعید احمد اور چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کر دئیے۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل شفقت محمود چوہان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ ایکسئین کو عدالتی احکامات کے باوجود تبدیل کر دیا گیا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں سرکاری افسران نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی بجائے مبہم جواب داخل کرایا ہے۔ عدالت کے روبرو ایم ڈی پیپکو عمر رسول،جنرل مینیجر پیپکو سعید احمد اور چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان کی جانب سے غیر تسلی بخش جواب داخل کرنے پر عدالت نے تینوں افسران کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کر دئیے۔اس کیس کی مزید سماعت 18جون کو ہوگی۔