شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کی ہلاکت کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑال

شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کی ہلاکت کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز شاہ عالم مارکیٹ اور اردو بازار سمیت تمام ہول سیل مارکیٹوں میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ چھوٹی مارکیٹوں میں جزوی ہڑتال ہوئی ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے شاہ عالم مارکیٹ میں تاجر کی ہلاکت کے سلسلے میں گزشتہ روز ہڑتال کی کال دی گئی ۔ تاجروں نے شاہ عالم مارکیٹ میں ریلی بھی نکالی جس میں تاجروں نے شاہ عالم مارکیٹ کے تاجر جگو بھائی کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران کے مرکزی صدر خالد پرویز اور صدر لاہور مجاہد مقصود نے کہا کہ جگو بھائی مرحوم کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی تک تاجر برادری آرام سے نہیں بیٹھے گی ۔ صوبائی دارالحکومت گزشتہ روز شاہ عالم مارکیٹ ، اردو بازار سمیت اندرون لاہور کی تمام مارکیٹوں میں مکمل شٹر ڈاؤن رہا ۔ جبکہ دیگر مارکیٹوں میں جزوی ہڑتال ہوئی مارکیٹوں میں صبح کے وقت دکانیں بند رہیں تاہم دوپہر ایک بجے کے بعد دکانیں کھلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ جن مارکیٹوں میں جزوی ہڑتال رہی ان میں انار کلی ، برانڈرتھ روڈ مارکیٹ ، میو ہسپتال مارکیٹ ، ہال روڈ مارکیٹ ، بیڈن روڈ مارکیٹ ، پینو راما سنٹر ، مال روڈ مارکیٹ ، وحدت روڈ مارکیٹ ، کریم بلاک مارکیٹ ، صدر بازار ، اچھرہ ، مزنگ بازار ، ملتان روڈ مارکیٹ ، لنک ماڈل ٹاؤن مارکیٹ ، اکبر چوک مارکیٹ ، لبرٹی مارکیٹ ، مین مارکیٹ گلبرگ ، منی مارکیٹ گلبرگ، حفیظ سنٹر شامل ہیں ۔ دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شاہ عالم مارکیٹ کے معروف تاجر نجم قطب جگو کے جاں بحق ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کے لیے اعلیٰ سطحیٰ کمیٹی قائم کریں۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ نجم قطب جگو کی اچانک موت کے سانحے نے تاجر برادری میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے اور اس کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ پنجاب حکومت نجم قطب جگو کی ہلاکت کے معاملے کی غیر جانبدارانہ چھان بین کرکے اس سانحہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے تاکہ تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔

مزید :

صفحہ آخر -