بھارتی دلہن نے بیت الخلاء کے تحفے کا مطالبہ کرکے سب کو حیرا ن کر دیا

بھارتی دلہن نے بیت الخلاء کے تحفے کا مطالبہ کرکے سب کو حیرا ن کر دیا

نئی دلی (نیوز ڈیسک) شادی کے موقع پر ہیرے جواہرات اور قیمتی ساز و سامان کے تحائف ہر دلہن کا خواب ہوتے ہیں لیکن ایک بھارتی دلہن نے سب کچھ چھوڑ کر صرف بیت الخلاء کے تحفے کا مطالبہ کرکے سب کر حیران کردیا۔اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے مطابق ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی چیتالی گالیکھے کا کہنا ہے کہ جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے سسرال کے گھر میں بیت الخلاء نہیں ہے تو اس نے اپنے والد اور چچا سے کہا کہ اسے دیگر تحائف کی کوئی ضرورت نہیں بس ایک اچھے بیت اخلاء کا بندوبست کردیا جائے۔ دلہن کا کہنا تھا کہ اس کے خیال میں شادی کے موقع پر دئیے جانے والے دیگر تحائف کی نسبت بیت الخلاء زیادہ ضروری بھی ہے اور فائدہ مند بھی۔ چیتالی کی شادی یاواتمال ضلع سے تعلق رکھنے والے دویندرا مکودے سے ہوئی ہے۔ شادی کے موقع پر مہمان یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ دلہن کو ملنے والے تحائف میں سب سے نمایاں چیز پلاسٹک فائبر کا بنا بیت الخلاء تھا جسے ضرورت کے مطابق کہیں بھی نصب کیا جاسکتا ہے اور اس میں ایک چھوٹی الماری اور شیشے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ دلہن کی صحت و صفائی کے لئے کی جانے والی انوکھی فرمائش سے متاثر ہوکر سماجی ادارے سلبھ انٹرنیشنل نے اس کے لئے دس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔یاد رہے کہ بھارت میں کروڑوں افراد گھر میں بیت الخلاء کی صورت سے محروم ہیں اور حکومت کی طرف سے ایک آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے جس میں لوگوں کو ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ گھر میں بیت الخلاء کا انتظام کریں تاکہ صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل میں کمی لائی جاسکے۔

مزید : صفحہ آخر