سعودی شہریوں اور غیرملکی تارکین وطن میں کوئی امتیاز روانہیں رکھیں گے : شاہ سلمان

سعودی شہریوں اور غیرملکی تارکین وطن میں کوئی امتیاز روانہیں رکھیں گے : شاہ ...
سعودی شہریوں اور غیرملکی تارکین وطن میں کوئی امتیاز روانہیں رکھیں گے : شاہ سلمان

  

جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) خادم الحرمین الشریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ مقامی اور غیر مقامی میں کوئی امتیاز نہیں، مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کے قوانین اسلامی اصولوں پر قائم ہیں یہاں ہر ایک کے حقوق کی حفاظت کی جاتی ہے، آزادی اظہار رائے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔

عدل و انصاف کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں جن میں مقامی اور غیر مقامی کو کوئی تفریق نہیں اور نہ ہی کسی علاقے کو کسی علاقے پر فوقیت دی جاتی ہے، وہ ایوان شاہی میں قومی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے نگران اعلیٰ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں عدل و انصاف کو بے حد اہمیت دی جاتی ہے۔ عدلیہ کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ آزاد عدلیہ ہی انسانی حقوق کی ضامن ہے۔ مملکت میں شریعت اسلامی کے اصولوں پر مکمل طور پر عمل کیا جاتا ہے اسلامی دستور کے تحت تمام اداروں کو آزادی حاسل ہے، ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں کسی کو کسی پر فوقیت نہیں دی جاتی۔ خادم الحرمین الشریفین نے مزید کہا کہ مملکت میں حقوق انسانی کے تحفظ کے لئے اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حقوق انسان کمیٹی قائم کی گئی ہے تاہم اداروں کو واضح ہدایات ہیں کہ وہ کمیٹی سے بھرپور تعاون کرے۔ انسانی حقوق کے تحفظ اور ان کی پاسداری کے لئے ممالکت نے قومی کمیٹی برائے حقوق انسان اور اسی قسم کے دیگر اداروں کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی حقوق انسان کمیٹی میں رکنیت حاصل کرنے کے لئے بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پیش نظر انسانی حقوق کی ہر سطح پر حمایت اور تمام مذاہب کا احترام ہے۔ شاہ سلمان نے خاندان کی مثالی تعمیر میں خواتین کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں حقوق انسان کمیٹی کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر بندربن محمد العیبان نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ مملکت کے قیام کے روز اول سے لے کر آج تک یہاں اسلامی شریعت مکمل طور پر رائج ہے جس میں بطور انسان ہر ایک کی عزت نفس اور ان کے حقوق کا مکمل طور پر خیال رکھا جاتا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی مثالی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ انسانی حقوق کی حفاظت کے ذریعے مقامی اور غیر ملکیوں کے حقوق کی ہر طرح سے حفاظت کی جاتی ہے۔

مزید : بین الاقوامی