عمران خان اپنی نشستیں چھوڑ کر کسی بھی حلقے میں مقابلہ کرلیں: کیپٹن صفدر کا چیلنج
اسلام آباد (ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن محمد صفدر نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میانوالی اور راولپنڈی کی نشستیں چھوڑیں ،میں مانسہرہ کی سیٹ چھوڑتا ہوں، پھر کسی بھی حلقے میں میرا مقابلہ کرکے دیکھ لیں کہ کون جیتتا ہے کون ہارتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن صفدر نے کہا کہ عمران خان کو پانی کے ہر گھونٹ میں دھرنا نظر آتا ہے، ہنی مون سے فارغ ہوں گے تو دھرنا دیں گے، وہ 2025 ءتک اپوزیشن کا ذہن بنا کر پارلیمنٹ میں بیٹھیں، انکے دھرنوں نے پہلے ہی قوم کے 8 ماہ ضائع کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ کہنا غلط ہے کہ میرے حلقے میں ستر ہزار اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں،چیلنج کرتا ہوں کہ مقابلہ کرکے دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کی حکومت نے ہمیں کیا سیکیورٹی دینی ہے وہ خود اپنی سیکیورٹی کی فکر میں رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک سیکیورٹی کے ڈر سے خود اسلام آباد بھاگ آتے ہیں۔ عمران خان میرے حلقے میں دھاندلی کے حوالے سے ثبوت پیش کریں اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں۔