ثناءاللہ سمیت 6 ارکان کو وزارتیں دینے، 3 سے واپسی کا فیصلہ

ثناءاللہ سمیت 6 ارکان کو وزارتیں دینے، 3 سے واپسی کا فیصلہ
ثناءاللہ سمیت 6 ارکان کو وزارتیں دینے، 3 سے واپسی کا فیصلہ

  

لاہور (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب کی جانب سے رانا ثناءاللہ، زعیم قادری، عائشہ غوث پاشا، طاہر خلیل، جمال لغاری کے علاوہ وسطی پنجاب کے ایک ممبر کو اہم وزارتوں کے قلمدان سونپنے اور تین صوبائی وزراءچوہدری شفیق، ذکیہ شاہنواز اور عطا مانیکا سے قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے چار وزارتین ممبران اسمبلی کو دینے کے حوالے سے زبانی منطوری بھی دیدی گئی۔ رانا ثناءاللہ کو لوکل گورنمنٹ و قانون، زعیم حسین قادری کو اطلاعات، عائشہ غوث پاشا کو انڈسٹری کا قلمدان سونپا جائے گا جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق طاہر خلیل سندھو کو جیل خانہ جات کی وزارت کا اضافی قلمدان بھی سونپے جانیکا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے، بعض اہم معاملات کے باعث اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حکم پر چند روز کے لئے نوٹیفکیشن میں تاخیر کی جارہی ہے۔

 معتبر ذرائع کے مطابق رانا ثناءاللہ کو حکومتی عہدیدار کی جانب سے ایک ماہ قبل بلایا گیا اور کہا گیا کہ رانا صاحب آپ قانون و لوکل گورنمنٹ کی وزارتیں لے لیں، جس طریقے سے ہم کام لینا چاہتے ہیں وہ آپ ہی بہتر کرسکتے ہیں، اسمبلی و لوکل گورنمنٹ انتخابات کی ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے، جس پر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میاں صاحب جب تک معاملات کلیئر نہیں ہوجاتے اس وقت تک وزارت نہیں لوں گا اور آپ بھی جانتے ہیں کہ ماڈل ٹاﺅن واقعہ کی رپورٹ کیا ہے، اس لئے تھوڑا سا انتظار کرلیا جائے تو بہتر ہوگا، خفیہ ملاقات کے دوران عابد شیر علی کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئے اور اس پر دونوں جانب سے بعض معاملات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا اور میٹنگ کے اہم فیصلوں سے ڈی سی او فیصل آباد اور ڈی پی او کو آگاہ کیا گیا کہ اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حکم پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

 ذرائع نے بتایا کہ زعیم قادری کی اہلیہ و ممبر پنجاب اسمبلی عظمیٰ زعیم نے 2 بار اعلیٰ حکومتی عہدیار سے وزارت مانگی جس کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ایک اجلاس میں یہ کہا کہ آپ کے شوہر کو وزارت دی جائے گی، وزیر انڈسٹری چودھری شفیق کی کارکردگی سےا علیٰ حکومتی عہدیدار مطمئن نہیں اور ان سے وزارت واپس لیتے ہوئے عائشہ غوث پاشا کو قلمدان سونپا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے تصدیق کی کہ چار سے پانچ روز تک وزارتیں دیدی جائیں گی۔

مزید : لاہور