پی آئی اے طیاروں کی بحالی کیلئے ساڑھے 5 کروڑ ڈالر دیں گے: امریکہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکہ پی آئی اے کے بوئنگ طیاروں کے انجنوں کی بحالی کے لئے ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر فراہم کرے گا اس حوالے سے پی آئی اے اور امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک میں معاہدہ طے پایا گیا ہے۔ معاہدے کی تقریب ہوئی جس میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مفتاح اسماعیل، وزیراعظم کے خصوصی معاون کیپٹن شجاعت عظیم، جنرل الیکٹرک کے وائس چیئرمین جان جی رائس، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے چیئرمین ناصر جعفر اور سٹی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر کنٹری آفیسر ندیم لودھی بھی موجود تھے۔ ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق امریکہ کا ایکسپورٹ، امپورٹ بینک (ایکسم) اس مقصد کیلئے رقم فراہم کرے گا، جو 2006ءکے بعد سے اب تک ایکسم کی جانب سے پاکستان میں سب سے بڑی مالیاتی سرگرمی ہوگی۔ امریکی سفیر اولسن نے کہا کہ آج جنرل الیکٹرک اور اس جوائنٹ وینچر کے ذریعہ پی آئی اے کے 60 فیصد سے زیادہ طیاروں کے انجن چل رہے ہیں اور موجودہ معاہدے سے ان انجنوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے پی آئی اے مستقبل میں بھی سرگرم عمل رہے گی۔ اس نوعیت کے اشتراک کار پاکستان کو باقی دنیا سے منسلک رہنے میں دور رس اثرات کی حامل ہوتی ہیں۔