عوام کو میٹرو بس سے زیادہ بجلی اور گیس کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبدالقدیر

عوام کو میٹرو بس سے زیادہ بجلی اور گیس کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبدالقدیر
عوام کو میٹرو بس سے زیادہ بجلی اور گیس کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبدالقدیر

  

فیصل آباد (ویب ڈیسک) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام آدمی کی حالت زار انتہائی قابل رحم ہے انرجی بحران نے ان کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکومتوں نے اس بنیادی ضرورت کے لئے عملی اقدامات کرنے کی بجائے نمائشی منصوبوں پر اربوں روپے اجاڑ دئیے ہیں۔موٹروے، میٹرو اور ایکسپریس وے سے کہیں زیادہ بجلی گیس کی پیداوار میں اضافے کی ضرورت ہے، بجلی گیس ہوگی تو صنعت و تجارت کو استحکام اور فروغ حاسل ہوگا اور ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے کانفرنس ہال میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سالانہ سمپوزیم اور سماجی فلاحی پروگرام کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلا شبہ سیلانی ویلفیئر کا ادارہ پریشان حال، غریب، مجبور اور تنگ دست افراد کی مدد کے سلسلےمیں بہت قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ خوراک، تعلیم، صحت، روزگار، غریب بچیوں کی شادی اور بیوگان مستحق نادار گھرانوں کم آمدنی والے افراد کی مشکلات کم کرنے کے لئے علامہ بشیر احمد فاروقی کی سرپرستی میں سیلانی کے لوگ خدمت خقل کے لئے ایمانداری اور انسانیت کی ایک اچھی مثال پیش کررہے ہیں۔ انرجی بحران کے حل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اس بارے کوئی ذمہ داری سپرد کی گئی تو یقیناً وہ اچھا کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محض یوم تکبیر منانے سے بات نہیں بنے گی بلکہ جتنی جلدی ممکن ہو انرجی بحران کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

مزید : فیصل آباد