پی پی 196 ضمنی الیکشن ، مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا

پی پی 196 ضمنی الیکشن ، مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا
 پی پی 196 ضمنی الیکشن ، مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا

  

ملتان ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 196 پر حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمود الحسن نے میدان مار لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 196 پر ضمنی انتخاب منعقد کیا گیا تھا جس میں مسلم لیگ ن پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں سمیت 14 امیدواروں نے حصہ لیا ۔ اس انتخاب میں تمام 133 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے امید وار رانا محمود الحسن نے 28 ہزار236 ووٹ حاصل کیے اور انتخاب کے فاتح قرار پائے ۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے عبدالجبار کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور انہوں نے18 ہزار 109 ووٹ حاصل کیے ہیں ۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد حسین آرائیں 6 ہزار519 ووٹ حاصل کر سکے ۔

رانا محمود الحسن کی فتح کے بعد لیگی کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا ہے اور انہوں نے آتش بازی سمیت بھنگڑے بھی ڈالے ہیں ۔ یاد رہے مسلم لیگ ن کے فاتح امیدوار رانا محمود الحسن تحریک انصاف کے عبدالجبار کے بھتیجے ہیں اور دوسری جا نب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے لیے خصوصی جلسے میں شرکت بھی کی گئی تھی جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوانے کے لیے عوام کو انہیں ووٹ ڈالنے کی درخواست بھی کی تھی ۔ واضح رہے حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کو اس انتخاب میں جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل تھی جس پر تحریک انصاف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا تھا ۔

مزید : ملتان /اہم خبریں