وفاقی چیمبر کے صدر نے کیپیٹل آفس کی تعمیر میں تاخیر کا سخت نوٹس لے کیا
کراچی(اکنامک رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عبدالرؤف عالم نے ایک ماہ کے اندر اندر ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کی بلڈنگ کو مکمل کر کے آپریشنل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جس سے بعد اس زیر التوا منصوبہ پر چوبیس گھنٹے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کا منصوبہ 2008 میں شروع کیا گیا تھا جسے تین سال کے اندر مکمل کیا جانا تھا جس پر اخراجات کا تخمینہ چالیس کروڑ روپے تھا۔
مختلف مسائل کی وجہ سے یہ منصوبہ سالہا سال سے زیر التوا رہا جس میں ٹھکیداروں کی ادائیگیوں کے مسائل شامل تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے گزشتہ روز صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ٹھیکیداروں کو طلب کیا اور انھیں فوری ادائیگیوں کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ انھوں نے ایف پی سی سی آئی سے ادائیگی میں تاخیر کی امکان کے پیش نظر اپنی جیب سے بل ادا کرنے کا فیصلہ کیا جس پر تمام ٹھیکیداروں نے ایک ماہ کے اندر اندر بلڈنگ کی تعمیر مکمل کر کے اسے آپریشنل بنانے کی یقین دہانی کروا دی۔ بعد ازاں وفاقی چیمبر کے صدر عبدالرؤف عالم ، سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر جوہر علی راکی اور ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل نے بلڈنگ کا تفصیلی انسپیکشن کیا اور کام بہتر بنانے کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ۔#/s#
