ایل جی ایچ میں ویڈیو کانفرنس سسٹم نصب کردیا گیا ہے،پروفیسر خالد محمود
لاہور( جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اینڈ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ ورلڈ بنک اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعا ون سے ایل جی ایچ میں ویڈیو کانفرنس سسٹم نصب کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم ڈاکٹرز کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں معاون ثابت ہو گا ۔پروفیسر خالد محمود نے بتایا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے 10لا کھ روپے کی لاگت سے ویڈیو کانفرنس سسٹم مکمل کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور دیگر تعلیمی اداروں میں پوسٹ گریجوایٹ تدریسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے نصب کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر ، گلگت ، بلتستان اور غیر ممالک کے ڈاکٹرز بھی اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔
