مابائل ہیلتھ یونٹ جنوبی پنجاب میں بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں
لاہور( جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام کو انکی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعارف کرائے گئے موبائل ہیلتھ یونٹس جنوبی پنجاب کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ بن گئے ہیں اور ان یونٹس نے اب تک 18 لاکھ 17 ہزار884 مریضوں کا علاج معالجہ کیا اور 562663 لیبارٹری ٹیسٹ کئے یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کو موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی بارے بریفنگ اجلاس میں بتائی گئی ۔اس موقع پر موبائل ہیلتھ یونٹس پراجیکٹ چلانے والی فرم میڈی ارج کے ایم ڈی منظور احمد چوہدری،شمشاد قریشی اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مظفر گڑھ،راجن پور،میانوالی،ڈیرہ غازی خان،بہاولپور اور بہاولنگر کے اضلاع کے عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔مذکورہ MHUs کے ذریعے گزشتہ پانچ سال کے دوران عوام کو بلاتعطل طبی خدمات فراہم کی گئیں۔علاو ہ ازیں وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ان موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے خیبرپختونخوا میں بنوں کے IDPs،سوات کے زلزلہ زدگان کو بھی ہنگامی بنیادوں پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں اور حالیہ دنوں میں راجن پور میں کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن کے دوران اور لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے والے افراد کو طبی امداد فراہم میں بھی حصہ لیا۔
