بلوچستان اورسندھ کیلئے48ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور
اسلام آباد ( صباح نیوز)سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 48ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ۔یہ منظوری گزشتہ روز اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس میں دی گئی ۔ان منصوبوں کا تعلق آبی ذخائر ، ماحولیات، ٹرانسپورٹ ، مواصلات ، اعلی تعلیمی کمیشن ، خوراک زراعت ، نظم ونسق اور ذرائع ابلاغ سے ہے ۔سب سے زیادہ منصوبے اعلی تعلیمی کمیشن سے متعلق ہیں ۔آبی ذخائر اور ماحولیات کے شعبے میں ورکنگ پارٹی نے 27ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان میں مربوط آبی ذخائر کے انتظام وانصرام اورترقی کے منصوبے اور دس ارب روپے کی لاگت سے سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتوں کو پختہ بنانے اور چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دی۔اجلاس میں دو ارب اسی کروڑ روپے کی لاگت سے مانسہرہ میں سیرن رائٹ بنک کینال کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی ۔ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دس کروڑ روپے کی لاگت سے چین ، پاکستان دوستانہ تبادلہ پروگرام کی منظوری دی گئی ۔
