کوہاٹ ، اختیارات کے ناجائز استعمال پر 3افسران سمیت 6کیخلاف مقدمات درج
کوھاٹ (بیورورپورٹ) قانون کی خلاف ورزی واختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری دستاویزات میں غلط اندراجات کرنے کے جرم میں انٹی کرپشن کوہاٹ کے تین افسروں سمیت چھ اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ یہ مقدمات سی اینڈ ڈبلیو کے کنٹریکٹر کی شکایت پر مفصل انکوائری کے بعد تھانہ سٹی میں درج کئے گئے ہیں۔کوہاٹ پولیس نے درج شدہ مقدمات کی تفصیلی رپورٹ صوبائی محکمہ داخلہ کو ارسال کردی ہے۔انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کوہاٹ ریجن کے زیر عتاب افسران و اہلکاروں پر مختلف سرکاری پراجیکٹس میں دھوکہ بازی کے ذریعے ٹھیکیدار کو مضرب و ہتھک پہنچانے،غلط امثال تیار کرنے اور سرکاری ریکارڈ میں قانون کی خلاف ورزی کے تحت غلط اندراجات کرنے کا الزام ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کنسٹرکشن اینڈ ورک ڈیپارٹمنٹ کوہاٹ کے سرکاری ٹھیکیدار محمدعالمزیب نے پولیس تھانہ سٹی میں تحریری درخواست کے ذریعے رپورٹ درج کرائی تھی کہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کوہاٹ ریجن کے اسسٹنٹ ٹیکنیکل آفیسر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائم،سرکل آفیسرACE اور دیگر اہلکاروں ضیا ء اللہ طورو،حبیب الرحمان اور شیر ولی جنگ نے یونین کونسل شاہ پوراور دربو کچ میں سڑکو ں کی پختگی اور یونین کونسل شیر کوٹ میں مڈل سکول کی ہائی سکول کے درجے میں اپ گریڈیشن کے ٹھیکوں کی انسپکشن کے دوران اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری دستاویزات میں غلط اندراجات کئے ہیں جسکے سبب انہیں لاکھوں روپے کا خسارہ ہوا اور دھوکہ دہی کے ذریعے انہیں بلا وجہ ہتھک پہنچایا گیا۔تھانہ سٹی میں درج رپورٹ پر قانونی کاروائی کرتے ہوئے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے دوران تفتیش دستیاب شواہد اورقانونی ماہرین کے رائے کی روشنی میں انٹی کرپشن کوہاٹ ریجن کے نامزد افسران اور اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو ارسال کردی ہے۔
