بھارتی خواتین سگریٹ نوشی میں دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی خواتین کو دنیا بھر میں ناپسند کیئے جانے والے ایک ایسے گندے کام کی لت پڑ گئی ہے جس میں انہوں نے یورپی ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کی مجموعی تعداد میں کمی جبکہ خواتین سموکرز کی تعداد میں حیران کن حد تک اضافہ ہوگیاہے۔اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں سگریٹ نوشی کرنے والی خواتین میں بھارت دوسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ پہلے نمبر پر امریکی خواتین ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق 2014-15میں 93.2ارب سگریٹ فروخت ہوئے جس کی شرح 2012-13کی نسبت کم رہی ہے کیونکہ سگریٹ کی پیداوار117ارب سے کم ہو کر105.3ارب تک آگئی ہے۔سگریٹ کی پیداوار میں کمی جیسی اچھی خبر کے پیچھے ایک افسوسناک خبر یہ ہے کہ بھارتی خواتین سموکرز کی تعدادمیں بھاری اضافہ ہواہے۔ بھارت میں سگریٹ نوشی کرنے والی خواتین کی تعداد 1980میں پانچ اعشاریہ تین ملین یعنی تقریبا 53لاکھ تھی جو بڑھ کر ایک کروڑ 27لاکھ ہوگئی۔
اخبار کے مطابق اگرچہ دنیا بھر میں مجموعی تعداد میں بھارت کی صورتحال امریکہ سے بہتر ہے جہاںں 1980میں ہر تیسرا امریکی سگریٹ نوشی کی لت میں مبتلا تھا لیکن بہرحال خواتین میں بڑھتی ہوئی یہ عادت ایک نقصان دہ معاشرے کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ سگریٹ نوشی کئی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔
