3بچیوں کی ماں لاہور کی خاتون کو سسرال والوں نے گھر سے نکال دیا تو اس نے زندگی سے دلبرداشتہ ہونے کی بجائے ایسا کام کر دیا کہ جان کر ہر شہری تعریف کرنے پر مجبور ہو جائے ، پورے ملک کی لڑکیوں کیلئے مثال بن گئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ہر انسان کو زندگی میں مشکل وقت کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے لیکن جہاں کچھ لوگ مشکلات اور آزمائشوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو صبر و حوصلے سے کام لیتے ہوئے اپنی زندگی بدل دیتے ہیں۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بی بی بھی ایک ایسی ہی مثال ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی کے بدترین حالات کے سامنے شکست تسلیم کرنے کی بجائے ہمت سے کام لیا اور دوسروں کیلئے بھی مثال بن گئیں۔
ویب سائٹ Parhloکی رپورٹ کے مطابق ثمینہ بی بی کو جب ان کے سسرال نے بے یارومددگار چھوڑ دیا تو انہوں نے اپنے بچوں کو باعزت طریقے سے پالنے کیلئے وہ کام کر دکھایا جو ہمارے معاشرے میں کسی بھی خاتون کے لئے تقریباً ناممکن سمجھا جاتا ہے۔ اپنی تین بچیوں کو حلال کا لقمہ کھلانے کے لئے ثمینہ نے سبزہ زار کے علاقے مین روڈ لیاقت چوک پر ایک ڈھابہ کھول لیا، جہاں وہ بسکٹ ، چائے اور جوس فروخت کرتی ہیں۔ اگرچہ یہ کوئی بڑا کاروبار نہیں لیکن اس سے انہیں اتنی آمدنی ضرور حاصل ہو جاتی ہے کہ وہ اپنی بچیوں کی پرورش بطریقہ احسن کر سکتی ہیں۔
ثمینہ نے اپنی مثال سے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ رزق حلال کے لئے گھر سے نکل کر محنت کرنے والی خواتین کی حیثیت کو معاشرہ بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ وہی لوگ جو پہلے ان کے اس کام کا مذاق اڑاتے تھے آج انہیں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ثمینہ پرعزم ہیں کہ وہ اپنی بچیوں کو اعلٰی تعلیم دلوائیں گی تا کہ وہ بھی ایک دن اپنی قابلیت اور محنت سے اپنا اور اپنے وطن کا نام روشن کریں۔