حاملہ خواتین کی بروقت مدد ،رورل ایمبولینس سروس شروع کر دی ہے،عمران نذیر

حاملہ خواتین کی بروقت مدد ،رورل ایمبولینس سروس شروع کر دی ہے،عمران نذیر

  

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ پبلک اینڈ پرائیویٹ شعبہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے عوام کو زندگی کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں ایک انقلاب برپا کرسکتا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ریسکیو1122 کی طرز پر دیہی علاقوں میں حاملہ خواتین کو بروقت ہیلتھ سنٹر پر پہنچانے کیلئے خادم پنجاب رورل ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کردیاگیاہے او راب 1034 ہیلپ لائن پر ایک کال کرکے ایمبولینس منگوائی جاسکے گی ۔انہو ں نے یہ بات ایک مقامی ہوٹل میں خادم پنجاب رورل ایمبولینس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈائریکٹرIRMNCH پنجاب ڈائریکٹر مختارحسین سید ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اختر رشید ملک ، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شبانہ حیدر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر PPHA ڈاکٹر شبنم ، یونیسف عالمی ادارہ صحت کے علاوہ یوفون اور MYSTIC کمپنی کے جنرل مینجرز اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ حکومت وزیراعلی محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور دیہی ایمبولینس سروس کاآغاز اس سلسلہ کی کڑی ہے جو ماں بچہ کی صحت کو یقینی بنانے اور شرح اموات کو کم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی ۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیراور Ufone اور مسٹک کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -