سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

  

چیف منسٹر گولڈ کپ وومن ہاکی ٹورنامنٹ کاانعقاد خوش آئند ہے ‘ ذوالفقار احمد گھمن

پانچویں چیف منسٹر گولڈ کپ وومن ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ائیرلائن کے چیئرمین عرفان الٰہی ،ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیر(ر) خالد سجاد کھوکھراور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن تھے۔ تقریب میں سندھ ،پنجاب، خیبرپختوانخوہ، بلوچستان، اسلام آباداور پنجاب کلرز کی ٹیموں نے مارچ پاس کیا ،تقریب میں سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر، اولمپئین خواجہ جنید ، قاسم خان ، اولمپئین کامران اشرف ، پروین سکندر گل، پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر عابدہ تنویر، صدرلاہور شاہدہ خانم بھی موجود تھیں ۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا سپورٹس بورڈپنجاب سپورٹس کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کام کر رہا ہے پنجاب میں 100نئے گراؤنڈ ز بنائے جارہے ہیں، لاہور میں 22گراؤنڈز جن میں 7کرکٹ کے فلڈ لائٹس گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں۔ انٹرنیشنل لیول کے سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح جلدہوگا پنجاب میں انٹرنیشنل معیار کے جدید سپورٹس جمنازیم بھی بنائے جارہے ہیں۔خادم پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا ، جس میں 19 سال تک کی عمر کے کھلاڑی شریک ہوں گے، بہترین کھلاڑیوں کو پنجاب انڈوومنٹ فنڈز سے انعامات دئیے جائیں گے۔

وسیم اکرم اور شعیب اختر کا نیاروپ

وسیم اکرم اور شعیب اختر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو اہم نام ہیں جنہوں نے کئی سالوں تک کرکٹ کی دنیا میں اپنے شاندار کھیل سے شائقین کو محظوظ کیا تاہم اب ان دونوں کا یہ نیا روپ آپ کو حیران کردے گا۔ان دونوں نے 1979 کی فلم ’مولا جٹ‘ کے کردار مولا جٹ اور نوری ناتھ کا کردار اپنایا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ان دونوں نے یہ روپ کسی نئی فلم یا ڈرامے کے لیے نہیں بلکہ رمضان میں نشر ہونے والے ایک انٹرٹینمنٹ پروگرام کے لیے اپنایا۔رمضان ٹرانسمیشن کے لیے کیے جانے والے گیم شو میں یہ دونوں مولا جٹ اور نوری ناتھ کا روپ اپنائیں گے، اس گیم کا نام ’جیو کھیلو پاکستان‘ ہوگا۔

میڈرڈ اوپن جیت کر نڈال عالمی نمبر چار بن گئے

ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے میڈرڈ اوپن جیت کر لگاتار تیسرا ٹورنامنٹ جیتنے کے ساتھ ساتھ عالمی درجہ بندی میں چوتھا نمبر بھی حاصل کر لیا ہے۔میڈرڈ اوپن میں رافیل نڈال نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور عالمی نمبر9 ڈومینک تھیم کو اسٹریٹ سیٹ میں 7۔6 اور 6۔4 شکست دے کر لگاتار تیسرا ایونٹ اپنے نام کر لیا۔نڈال کی عمدہ فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ان کی لگاتار 15ویں میچ میں فتح تھی جس کی بدولت انہوں نے 30واں ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز اپنے نام کر کے نوواک جوکووچ کا ریاکرڈ برابر کردیا۔یہ نڈال کی اپنے کیریئر کے 72ویں ایونٹ میں کامیابی تھی جس میں سے 52 ٹائٹل انہوں نے کلے کورٹ پر جیتے۔عالمی درجہ بندی میں اینڈی مرے پہلے، نوواک جوکووچ دوسرے، اسٹین واورنکا تیسرے، رافیل نڈال چوتھے اور راجر فیڈرر پانچویں نمبر پر موجود ہیں

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب

تاریخی کرکٹ گراؤنڈمیں کرکٹر یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں سمیت پاکستانی ہائی کمشنر، صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے کرکٹ کے شعبے میں شاندار خدمات سر انجام دینے پر یونس خان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں موجود یونس خان نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی اور کہا کہ جس طرح سب لوگوں نے انہیں سپورٹ کیا اس پر وہ پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلے پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کی جاتی رہی ہے اسی طرح آئندہ بھی انہیں سپورٹ کیا جائے۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے گفتگو کرتے ہوئے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لارڈ یونس خان کا پسندیدہ کرکٹ گراؤنڈ ہے جہاں انہوں نے تاریخ ساز کارکردگی دکھائی۔

پروریسلنگ میں غیر ملکی ریسلرز ان ایکشن

پرو ریسلنگ کے ورلڈ ہیوی ویٹ مقابلوں کا پہلا مرحلہ پاکستانی ریسلر بادشاہ خان نے جیت لیا۔ دوسری فائٹ میں ریسلرز نے اتنا زور لگایا کہ رنگ کا رسہ ہی ٹوٹ گیا۔مقابلہ پھر بھی جاری رہا جہاں ایڈم فلیکس نے ایرون رامی کو دھول چٹادی۔ تیسری لڑائی خواتین ریسلرز کے درمیان ہوئی جس میں اینجلز نے ٹریش اور آؤڈرے برائڈکو ہرایا۔ برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن نے ایک ساتھ دو پہلوانوں کو پچھاڑا جبکہ آخری فائٹ میں کارلیٹو کو پاکستان کے بادشاہ خان نے شکست سے دوچار کردیا۔ پروریسلنگ کا میلہ سجا۔انٹرنیشنل ریسلرز کو دیکھ کر شائقین بھی خوشی سے جھوم اٹھے،پہلوان اپنے مخصوص سٹائل میں رنگ میں اترے اور داو پیچ لڑا کر مداحوں سے خوب داد سمیٹی

پاکستان اسکواش فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کے مطابق رواں سال 19جولائی سے نیوزی لینڈ میں کھیلی جانیوالی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپین شپ کے چناؤ کیلئے ٹرائلز میں ملک بھر سے 13جونیئر ز پلیئرز نے حصہ لیا ، ٹرائلز کا پاک

فضائیہ کے سربراہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ائیر چیف مارشل سہیل امان اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وائس مارشل شاہد علوی نے بھی جائزہ لیا اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد 6جونیئر پلیئرز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں مہران جاوید، منصور زمان ، عباس زیب، حارث اقبال ، ذیشان زیب اور عبد الملک شامل ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ شارٹ لسٹ کئے گئے کھلاڑیوں میں سے 4رکنی قومی جونیئر ٹیم کا چناؤ عمل میں لایا جائیگا جو ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپین شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرئے گی ۔

عامر حیات روکڑی کلب کرکٹ چیمپن شپ کے افتتاحی میچ

عامر حیات روکڑی کلب کرکٹ چیمپن شپ کے افتتاحی میچ میں محبوب پارک جمخانہ کرکٹ کلب نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیر سوچ کرکٹ کلب کو 2 شکست دے دی ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیر سوچ کرکٹ کلب نے پہلے کھیل کر 39.1اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 233رنز بنائے ظفر حئی بٹ نے 80، سلمان علی نے 55اور مشتاق احمد نے 54رنز بنائے محمد راشد نے 3اور حارث نصیر نے 2وکٹیں حاصل کیں محبوب پارک جمخانہ کرکٹ کلب نے ہدف 39.1اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا وقاص سلیم نے 50، سفیان علی نے آوٹ ہوئے بغیر 46اور عرفان عابد نے 42رنز بنائے محمد جہانگیر نے 3اور ظفر حئی بٹ نے 2وکٹیں حاصل کیں لاہور ریجن کے صدر خواجہ ندیم احمد ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں سے ملاقات کی اور ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر چیف آرگنائزر ٹورنامنٹ عابد حسین اور پنجاب سپورٹس بورڈ شعبہ کرکٹ کے چیرمین اعجاز بٹ بھی موجودتھے ٹورنامنٹ میں کل بروز جمعہ الحمرا کرکٹ کلب اور ڈار کرکٹ کلب علیم ڈار اکیڈمی گراونڈ میں مد مقابل آئیں گی

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ 15 سے 25 جون تک لندن میں کھیلا جائے گا

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ 15 سے 25 جولائی تک لندن میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، چین، ارجنٹائن، ہالینڈ، سکاٹ لینڈ، ملائیشیا، کینیڈا اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں انگلینڈ، چین، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور ارجنٹائن جبکہ گروپ بی میں پاکستان، بھارت، ہالینڈ، کینیڈا اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم 15 جون کو اپنے پہلے میچ میں ہالینڈ سے نبرد آزما ہوگی۔ دوسرا میچ 16 جون کو کینیڈا، تیسرا 18 جون کو بھارت اور چوتھا میچ 19 جون کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی

مزید :

ایڈیشن 1 -