مصباح الحق اور یونس خان قومی ٹیم کیلئے بہترین لیڈر تھے :مکی آرتھر

مصباح الحق اور یونس خان قومی ٹیم کیلئے بہترین لیڈر تھے :مکی آرتھر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایجبسٹن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق ریٹائرمنٹ کے بعد ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے،نوجوان کھلاڑیوں کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سینئر پلیئرز کے بہترین متبادل بننے کی کوشش کریں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا مصباح الحق اور یونس خان پاکستان ٹیم کیلئے بہترین لیڈر تھے لیکن اب ٹیم کو ان کے بغیر آگے بڑھنا ہے اور نوجوانوں کو یہ دیکھنا چاہئے کہ ٹیم میں دو کھلاڑیوں کی جگہ خالی ہے جہاں وہ قدم جما سکتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ ٹیم کی ازسرنو تعمیر اور اسے دوبارہ بنانے کا بہترین موقع ہے اور پوری امید ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کے بعد نوجوان اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سینئرز کا خلاپر کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز شاندار رہی جہاں چند نئے کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس میں سے ایک فاسٹ باؤلر محمد عباس بھی تھے جن کیلئے سیریز شاندار رہی جبکہ شاداب خان اور حسن علی نے ٹیسٹ کیریئر شروع کیا۔ مکی آرتھر کے مطابق حالیہ عرصے میں متعدد نئے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو پاکستانی کرکٹ کیلئے خوش آئند امر ہے البتہ پاکستانی بیٹنگ لائن میں دو سپاٹس خالی ہیں اور اب یہ نوجوانوں پر منحصر ہے کہ وہ سامنے آئیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینئرز کی کمی پوری کر یں۔ون ڈے ٹیم کے بارے میں سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ میں بہت سخت محنت کی ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جدید دور کی کرکٹ کھیلی جو وقت کا تقاضا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاٹ بالز اور یارکرز سمیت دیگر کئی اہم پہلوؤں پر ہونے والا مسلسل کام چیمپئنز ٹرافی میں کارآمد ثابت ہوگا۔