حسن روحانی 2کروڑ 30لاکھ سے زائد ووٹ لیکر دوسری بار ایران کے صدر منتخب

حسن روحانی 2کروڑ 30لاکھ سے زائد ووٹ لیکر دوسری بار ایران کے صدر منتخب
 حسن روحانی 2کروڑ 30لاکھ سے زائد ووٹ لیکر دوسری بار ایران کے صدر منتخب

  

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک 228 نیوزایجنسیاں) ایران کے بارہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹر حسن روحانی، دو کروڑ تیس لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کر کے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ایران کے وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ مجموعی طور پر چار کروڑ، بارہ لاکھ، بیس ہزار، ایک سو اکتیس ووٹوں میں سے دو کروڑ، پینتیس لاکھ، انچاس ہزار، چھ سو سولہ ووٹ حاصل کر کے ڈاکٹرحسن روحانی ایک بار پھر ایران کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہڈاکٹر روحانی کے بعد سید ابراہیم رئیسی نے ایک کروڑ، ستاون لاکھ،چھیاسی ہزار، چار سو انچاس ووٹ حاصل کئے۔ مصطفی آقا میر سلیم نے چار لاکھ اٹھہتر ہزار، دو سو پندرہ ووٹ اور مصطفی ہاشمی طبا نے دو لاکھ، پندرہ ہزار چار سو پچاس ووٹ حاصل کئے۔ایران کے صدارتی و بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جو بات خاص طور سے اہمیت کی حامل ہے وہ ایرانی عوام کی انتخابات میں شاندار شرکت اور وسیع پیمانے پر ووٹنگ میں حصہ لینے کا کارنامہ رقم کرنا ہے جو انھوں نے ایک بار پھر انجام دیا ۔ خود وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے صدارتی و بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات میں ٹرن آؤٹ75 فیصد سے زیادہ رہاصدر حسن روحانی نے دو کروڑ بیس لاکھ سے زائد یعنی ستاون فیصد ووٹ حاصل کئے جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ گیارہویں حکومت کی پالیسیوں پر عوام کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔۔الیکشن کمیٹی کے سربراہ علی اصغر احمدی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ قریبا تمام ووٹوں کی گنتی ہو گئی ہے مخالف امیدوار ابراہیم رئیس کو ایک کروڑ 15 لاکھ ووٹ ملے ۔سرکاری ٹی وی چینل نے صدر روحانی کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔صدر حسن روحانی کے حریف ابراہیم رئیسی نے ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے شکایت کی ہے۔انھوں نے الزام لگایا کہ حسن روحانی کے حمایتیوں نے ووٹنگ بوتھ پر حسن روحانی کے حق میں پراپیگینڈا کیا جو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پولنگ کے مقررہ وقت کو تین مرتبہ بڑھایا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کی 'درخواست' اور 'جذبے' کو دیکھتے ہوئے ووٹ کے اوقات میں اضافہ کیا گیا۔صدارتی انتخابی مہم کے دوران معاشی مسائل چھائے رہے کیونکہ ملک میں بے روزگاری کی شرح کافی بلند ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری بھی نہیں ہوسکی ۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عوام نے ثابت کردیا کہ پور ی قوم مکمل طور پر متحد ہے اور اس کو طبقات اور فرقوں میں تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔عوام نے ثابت کردیا کہ قوم مکمل طور پر متحد ہے ،طبقات اور فرقوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا، ایرانی صدر حسن روحانی نے الیکشن میں عوام کی بھرپور شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں اصل کامیابی اور فتح عوام کو حاصل ہوئی ہے میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ ایرانی قوم امن پسند ہے اور پوری دنیا کے ساتھ آشتی کی خواہشمند ہے لیکن زور زبردستی کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ ایران کے انتخابات نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ جمہوریت اور عوامی حکومت کا قیام ہے۔انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی کی راہ میں عزم راسخ کے ساتھ قدم آگے بڑھانے کا اعلان کیا۔

مزید :

صفحہ اول -