وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ ،سو فیصد مفت علاج کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ ،سو فیصد مفت علاج کا اعلان

  

لاہور(اے این این)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹر کے تحت بنائے جانے والے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیا ۔وزیراعلی نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹرکے منصوبے کی زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا اور منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک میں آنے والے تمام مریضوں کے 100فیصد مفت علاج معالجہ مہیا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج سے پہلے غریب اور مستحق مریضوں کااس کلینک میں علاج مفت ہوتا تھا لیکن آج سے میں اعلان کررہا ہوں کہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک میں آنے والے 100فیصد مریضوں کا ہر لحاظ سے فری علاج ہوگا۔وزیراعلی نے صوبے کے ہر ضلع میں ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ یہ 36 فلٹر کلینکس رواں برس کے آخر تک کام شروع کردیں گے او ران فلٹر کلینکس میں آنے والے ہر مریض کا علاج مفت ہوگا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے سٹیٹ دی آرٹ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹرکے منصوبے پر دن رات کام کر رہی ہے۔ہم یورپ ، مشرق وسطی،امریکہ او ردیگر بیرون ملک مقیم ماہر ڈاکٹروں کو بھی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے یہاں لائیں گے اور اس ضمن میں ڈاکٹر سعید اختر محنت سے کام کررہے ہیں۔اس سال کے اختتام تک ادارے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت میں یہ جدید ادارہ قائم کیا جارہاہے۔اس ادارے میں جگر اور گردے کے مستحق مریضوں کا علاج مفت ہوگا جبکہ صاحب حیثیت مریضوں سے فیس لی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ میری میڈیا کے نمائندوں سے درخواست ہے کہ وہ قابل عمل تجاویز دیں تاکہ مریضوں کو مزید بہتر سہولتیں دی جاسکیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے یہاں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا چار سالہ دور عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے چار برس امانت، دیانت، محنت اور شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں اور انہی سنہری اصولو ں پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

مزید :

صفحہ اول -