بندوق اور بارود کی بجائے عوام کی قوت پر یقین رکھتے ہیں ،حکومت چاہے نہ چاہے کلبھوشن کو پھانسی ہو کر رہے گی:سینیٹر سراج الحق

بندوق اور بارود کی بجائے عوام کی قوت پر یقین رکھتے ہیں ،حکومت چاہے نہ چاہے ...
بندوق اور بارود کی بجائے عوام کی قوت پر یقین رکھتے ہیں ،حکومت چاہے نہ چاہے کلبھوشن کو پھانسی ہو کر رہے گی:سینیٹر سراج الحق

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر  سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت چاہے نہ چاہے کلبھوشن کو پھانسی ہو کر رہے گی،ملک ہائی جیکروں کے ٹولے کے ہتھے چڑھ گیاہے ، جنہوں نے کرپشن کے سرمائے اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد سے اسے یرغمال بنارکھاہے ، عوام اس ٹولے کے ہاتھوں بری طرح استحصال کا شکار ہیں ، اس ٹولے کی موجودگی میں حالات درست نہیں ہوسکتے،  پاکستان کو دولخت کرنے اور باقی ماندہ ملک کو عالمی استعمار کا غلام بنانے کا مجرم یہی ٹولہ ہے ، پاکستان کو اس کے بنیادی نظریے سے محروم کر کے اس کی اسلامی شناخت ختم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ، جماعت اسلامی دینی قوتوں کو ساتھ ملا کر ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ، جماعت اسلامی ملک میں جمہوری اور آئینی طریقے سے تبدیلی لاناچاہتی ہے ، ہم بندوق اور بارود کی بجائے عوام کی قوت پر یقین رکھتے ہیں ، جماعت اسلامی کی امانت و دیانت اور جمہوریت پسندی کا اعتراف ورلڈ بنک ، ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل ، پلڈاٹ اور سپریم کورٹ سمیت قومی و بین الاقوامی اداروں نے کیاہے ، عوام تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو 2018 ءکے انتخابات کو لٹیروں کے گروہ کے لیے یوم حساب بنادیں گے ۔

جماعت اسلامی کی مشاورتی کونسل کے خصوصی اجلاس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ہم ملک میں رائے عامہ کو تبدیل کر نے کے لیے جمہوری طریقے سے اسلامی انقلاب کی جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل کی جس دلدل میں پھنسا دیا ہے اس سے نکلا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے چار سالہ دور میں اب تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں کے ماضی اور حال دونوں داغ دار ہیں اور ان کے کردار پانامہ ، دبئی اور لندن لیکس نے کھول کر رکھ دیے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن کے الزامات سے پاک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک کو ایک دیانتدار اور مخلص قیادت دی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد ناصرف پاکستانی قوم بلکہ امت کے لیے ایک بڑی خوشخبری اور اللہ کی طرف سے انعام ہوگا اور اس اتحاد کا مقابلہ سیکولر ، لبرل اور استعماری قوتوں کے ایجنڈے پر کاربند پارٹیاں نہیں کر سکیں گی ۔

حکومت چاہے نہ چاہے کلبھوشن کو پھانسی ہو کر رہے گی ، ہم عالمی قوتوں کے غلام نہیں ، کلبھوشن ایک تخریب کار اور دہشتگرد ہے جس نے سینکڑوں معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ اب کرپشن اور جھوٹے دعوے نہیں چلیں گے ، موجودہ نظام میں نوجوانوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں پچاس فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی ، ہم نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دیکھناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو صرف جماعت اسلامی روشن مستقبل د ے سکتی ہے ،کچھ لوگ پیسے کے زور پر مینڈیٹ چوری کرتے ہیں اور قوم کی گردنوں پر مسلط ہو جاتے ہیں۔

مزید :

قومی -