انضمام الحق اور مشتاق احمد نے اپنا بلا اور ٹرافی نیلام کر کے رقم خیراتی ادارے کو عطیہ کردی

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق نے 1992ءکے ورلڈکپ دھواں دھار بیٹنگ کے دوران اپنے زیر استعمال بلے کو نیلامی کے لئے پیش کردیا نیلامی سے ملنے والی رقم خیراتی ادارے الخدمت فاﺅنڈیشن کو عطیہ کردی جبکہ گگلی ماسٹر مشتاق احمد نے اپنی بیسٹ سپنر آف دی ائیر کی ٹرافی نیلام کرکے رقم الخدمت فاﺅنڈیشن کو عطیہ کردی۔
ایران دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے ، مسلم ممالک اسے تنہا کردیں: ڈونلڈ ٹرمپ
تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو، سابق کپتان اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق خیراتی ادارے الخدمت کے چیریٹی ڈنر میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے اس تقریب میں 1992ءکے ورلڈ کپ میں زیر استعمال اپنا بلا نیلامی کے لئے پیش کردیا ،
تقریب میں موجود ایک شخص نے نیلام شدہ بلا 4 لاکھ میں خریدا اور پھر خیراتی ادارے کو ہی عطیہ کر دیا کہ وہ اس کی آن لائن بولی کا اہتمام کرے۔ خود انضمام الحق نے اس موقع پر 36 یتیم بچوں کی کفالت کا اعلان کیا۔
اسی ڈنر میں قومی ہیرو اور گگلی ماسٹر مشتاق احمد بھی شریک ہوئے، انھیں ایک سال آئی سی سی بیسٹ سپنر آف دی ائیر کی ٹرافی ملی، جو ایک کرکٹر کا سرمایہ حیات ہوتی ہے، اسے وہ ساتھ لے آئے، 7 لاکھ روپے میں اس کی نیلام ہوئی۔ انہوں نے بھی نیلامی کی رقم خیراتی ادارے کو عطیہ کردی ۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے معروف ایمپائر علیم ڈار ایسی تقریب میں شریک ہوئے تھے اور نہ صرف خود 12 لاکھ کا عطیہ دیا بلکہ ان کی شرٹ 6 لاکھ میں نیلام ہوئی۔