لاہور ، ون ویلنگ کا خطرناک کھیل بند نہ ہو سکا ، ڈولفن اہلکار پر فائرنگ

لاہور ، ون ویلنگ کا خطرناک کھیل بند نہ ہو سکا ، ڈولفن اہلکار پر فائرنگ

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں منچلوں نے ون ویلنگ کے دوران دن بھر اودھم مچائے رکھا۔ پوش علاقوں کینال روڈ ، مال روڈ اور شاہراہ قائد اعظم سمیت شہر کی اہم سڑکوں پر ویلرز مختلف کرتب دکھاتے رہے۔ڈولفن اہلکار کے روکنے پر ایک ویلر نے فائرنگ کردی جس کے دوران 25 سے زائد ویلر گر کر شدید زخمی ہو گئے، چارویلرز کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تمام تر کوششوں کے باوجود ون ویلنگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ۔ گزشتہ روز اتوار کی چھٹی کے دن اس خونی کھیل کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، شاہراہ قائد اعظم، فیروز پور روڈ، شالامار لنک روڈ اور جی ٹی روڈ ، ملتان روڈ اور مین بلیووارڈ روڈ سمیت شہر کی متعدد سڑکوں پر ویلرز صبح سویرے ہی ٹولیوں کی شکل میں آ گئے اور موٹر سائیکلوں پر مختلف کرتب دکھاتے رہے۔ مغلپورہ، شالامار لنک روڈ پر ایک ویلر نے ڈولفن اہلکار کے روکنے پر فائرنگ کردی اور گلیوں میں سے ہوتے ہوئے فرار ہونے لگا کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے تعاقب کرکے دو ویلروں کو قابو کرلیا۔ دوسری جانب شہر کی مختلف سڑکوں پر کرتب دکھاتے 25 سے زائد ویلر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں 4 ویلرز 14 سالہ عالیان، 18 سالہ ارسلان، 16 سالہ ذیشان اور 19 سالہ احسن کی حالت جناح اور سروسز ہسپتال میں تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ 10 ویلروں کو طبی امداد کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد ویلرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں تھانہ غالب مارکیٹ اور تھانہ شادمان سمیت تھانہ ریس کورس کی حدود میں سب سے زیادہ ون ویلنگ کی گئی ہے۔

B

مزید : علاقائی