دہشتگردی کا خدشہ ، کینٹ ڈویژن میں روزانہ سرچ آپریشن ، سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی

دہشتگردی کا خدشہ ، کینٹ ڈویژن میں روزانہ سرچ آپریشن ، سیکیورٹی انتہائی سخت ...

لاہور(خبرنگار) ایس پی کینٹ شیخ بلال ظفر نے کہا ہے کہ کینٹ ڈویژن میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن جبکہ سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر افغان بستیوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے بیشتر کے شناختی کوائف درست ثابت ہونے پر انہیں رہا کردیا گیا ہے جبکہ باقی افراد سے حساس ادارے اور پولیس کی ٹیمیں تفتیش کر رہی ہیں۔ کینٹ کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ مساجد، امام بارگاہوں ، چرچوں ، تعلیمی اداروں اور مدرسوں کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے ۔ کمانڈوز سمیت تربیت یافتہ اہلکاروں کے علاوہ ڈولفن فورس اور پیروسکواڈ سمیت تھانوں کی پولیس کوحساس مقامات اور عبادت گاہوں کے ارد گرد گشت اور سنیپ چیکنگ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں اے اور بی کیٹگری کی مساجد اور امام بارگاہوں میں ایس ایچ او اور ڈی ایس پیز کو خود چیکنگ کرنے کا حکم دیاگیا ہے ،داخلی و خارجی گیٹوں پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کیلئے مساجد اورامام بارگاہوں کی کمیٹیوں کے ارکان کو سیکیورٹی ڈیوٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...