وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب کی قائد مسلم لیگ ن سے ملاقات ،اداروں میں محاذ آرائی نہیں چاہتے : شہباز شریف

وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب کی قائد مسلم لیگ ن سے ملاقات ،اداروں میں محاذ ...

لاہور (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جاتی امرا میں اہم ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، حمزہ شہباز اور پرویز رشید سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔ شرکا نے نیب مقدمات پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ ملکی و سیاسی معاملات سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت الیکشن 2018ء اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے مشاورت کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی خورشید شاہ سے نگران سیٹ اپ کے حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بتایا اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے پیش کئے گئے ناموں کے بارے میں آگاہ کیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،حمزہ شہباز شریف سے بھی مشاورت کی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تمام تر توانائیاں مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود 2018ء4 کے انتخابات دھرنے دینے والوں کا دھڑن تختہ کردیں گے، مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ووٹ کو عزت دو ہی ہو گا۔اس موقع پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوبارہ اقتدر میں آ کر پورے ملک کو یکساں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے جبکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کہ اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں چاہتے، ماضی میں بھی تمام کیسز میں سرخرو ہوئے، اب بھی ہونگے۔ دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ کا رخ کر نے کا فیصلہ کرلیا ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں نواز شریف اور ان کی دختر مریم نواز کے کراچی اور بے نظیر آباد میں دورے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔نوازشریف اور مریم نواز30 مئی کو نوابشاہ میں سیاسی پاور شو کریں گے ٗ آٹھ جون کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے۔

ملاقات

مزید : صفحہ اول