فورٹ منرو تحصیل ہسپتال کا نتظام پاک فضائیہ چلائے گی ، پنجاب حکومت سے معاہدہ طے پا گیا

فورٹ منرو تحصیل ہسپتال کا نتظام پاک فضائیہ چلائے گی ، پنجاب حکومت سے معاہدہ ...

لاہور(خصوصی رپورٹ) پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور پاکستان ائیر فورس کے درمیان فورٹ منرو کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے انتظامی امور پی اے ایف کے سپرد کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے۔معاہدے پر صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ علی جان خان اور ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف سپورٹ ایئروائس مارشل عامر مسعود نے دستخط کئے۔ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور چیف آف ایئرسٹاف ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بتا یا گیا کہ فورٹ منرو میں 40 بیڈ کا ہسپتال 15 کروڑ 75 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاگیا۔ 20 کنال سے زائد اراضی پر قائم اس ہسپتال میں پی سی ون کے مطابق تمام ضروری طبی آلات کی فراہمی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ منرو کو تکمیل کے بعد انتظامی معاملات اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے امور کیلئے پاکستان ایئر فورس کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایئر فورس اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان 18 مارچ کو ایک ایم او یو سائن کیاجاچکا ہے جس کے تحت فورٹ منرو میں 100 ایکڑ اراضی پر پاکستان ایئر فورس کیڈٹ کالج قائم کرے گی اور اس کے لئے حکومت پنجاب ایک ارب روپے فراہم کرے گی ۔اسی طرح پاکستان ایئر فورس اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے درمیان ٹی ایچ کیو کیلئے مجوزہ منصوبہ پیش کیاگیاہے جس کے تحت پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال کو پاکستان ایئر فورس کے سپرد کرے گا ۔پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ رواں مالی سال میں ساڑھے سترہ کروڑ روپے فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں ٹی ایچ کیو کا قیام اور اس کے انتظامی امور پی اے ایف کے سپرد کرنے کے بارے میں ایم او یو تاریخی اقدام ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان ائیر فورس حکام اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال فورٹ منرو کے قیام سے نہ صرف مقامی طور پر لاکھوں شہریوں کو صحت کی معیاری سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ سیاحوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی۔ حکومت عوام کوصحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلے انسنریٹر، سی ٹی سکین مشین،پیتھالو جی لیبز، نئے بلاکس کی تعمیر اور تعمیر نو منصوبے مکمل کر رہی ہے۔پنجاب میں صحت کا کلچر تبدیل ہو چکا ہے، اب ہسپتالوں میں24گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی مفت سہولت میسر ہے اور صوبے کے تمام ہسپتالوں میں میڈیکل ٹیسٹ کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔ایئرمارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس صرف سرحدوں کا دفاع ہی نہیں کر رہی بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کیلئے صحت کی سہولتو ں کی فراہمی کیلئے ایئرفورس کی انتظامی ذمہ داری کو اعزاز سمجھتے ہیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدراور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے قصور سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے الیاس خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں الیاس خان نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ الیاس خان نے پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اورمحمد شہباز شریف نے الیاس خان کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ شہبازشریف تاندلیانوالہ کے نواحی گاؤں کنجوانی455گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رجب علی بلوچ مرحوم کی رہائش گاہ گئے۔محمد شہبازشریف نے رجب علی بلوچ کے کے بھائی علی گوہر بلوچ، مرحوم کی والدہ ماجدہ اور اہل خانہ سے سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رجب علی بلوچ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔محمد شہبازشریف نے رجب علی بلوچ مرحوم کی سماجی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے دیرینہ ساتھی تھے۔رجب علی بلوچ نے اپنے علاقے میں عوام کی بھرپور خدمت کی۔مرحوم پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بعد ازاں مرحوم کی رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) مقامی رہنماؤں اور کارکنوں اور مقامی عمائدین سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجب علی بلوچ جیسے لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قابل قدر اثاثہ ہوا کرتے ہیں، انہوں نے بہادری سے بیماری کا مقابلہ کیا ور بیمار ہونے کے باوجود تنظیمی اور پارلیمانہ امور میں ابھرپور حصہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر رجب علی مرحوم کے بیٹے روشن رجب اور کمسن بیٹی ایان رجب کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور غمزدہ خاندان کو غم کی گھڑی میں ساتھ ہونے کا بھرپور یقین دلایا۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما، کارکن، مقامی عمائد ین، کمشنر فیصل آباد مومن علی آغااور عوام کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

شہباز شریف

لاہور)خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے بین الاقوامی نورینکوگروپ کے صدروین گینگکی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔نورینکو گروپ کے صدر نے اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس کے کامیاب آغاز پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا کامیاب آغاز ایک اہم سنگ میل ہے ۔یہ عظیم الشان منصوبہ چین کے صدر اور وزیر اعظم کا پاکستان خصوصاً لاہور کے عوام کے لئے تحفہ ہے۔ میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی کی تاریخ میں ایک تاریخ ساز حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے میں تاخیر نہ ہوتی تو آج میٹروٹرین چل رہی ہوتی۔ ہمارے نادان دوستوں نے منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر کرائی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک رجحان ساز منصوبہ ہے ۔تاخیر کا ازالہ ہم نے مل کر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل میرا مشن ہے۔ ملاقات میں منصوبے کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا ، اورنج لائن میٹرو ٹرین کی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان، مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، لارڈ میئر لاہور، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...