سبیکا شیخ کی میت آج پاکستان پہنچنے کا امکان
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی سکول میں فائرنگ سے جاں بحق 17 سالہ پاکستانی ہونہار طا لبہ سبیکا شیخ کی نماز جنازہ گزشتہ روز شگرلینڈ شہر کی مسجد صابرین میں ادا کی گئی جبکہ میت آج شام تک پاکستان لائے جانے کا امکان ہے ۔ پا کستا نی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ضروری کارروائی کے بعد سبیکا شیخ کی میت پیر کو پاکستان روانہ کی جائے گی۔ گزشتہ روز ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔سبیکا شیخ کا تعلق کراچی سے تھا جو اسکالر شپ پر تعلیم کے حصول کیلئے اگست 2017 کو گئی ٹیکساس گئی تھیں اور انہیں 9 جون کو واپس آنا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی سبیکا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ امریکی سفارتخانے سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا سبیکا شیخ محکمہ خارجہ معاون پروگرام کے تحت ٹیکساس میں زیر تعلیم تھیں اور اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق سبیکا سمیت 10 افراد کے قاتل دمیتری پارگورٹسز کو شواہد اور اعتراف کے باوجود سزائے موت نہیں دی جاسکے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں قتل کا جرم کرنے والے 17 سال کے ملزم کو بھی بالغ تصور کیا جاتا ہے لیکن 2005 کے وفاقی قانون کی بدولت دمیتری کو موت کی سزا نہیں دی جاسکتی۔حکام کا ہائی اسکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم دمیتری سے متعلق کہنا ہے کہ ملزم نے کلاس میں داخل ہو کر پہلے 'سرپرائز' کہا اور اس کے بعد فائرنگ شروع کردی جب کہ ملزم خود کو پولیس کے حوالے کرنے سے پہلے 15 منٹ تک مزاحمت کرتا رہا۔گزشتہ 8 روز کے دوران کسی امریکی اسکول میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے جبکہ رواں سال ایسے 22 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔فروری میں ریاست فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔گزشتہ سال نومبر میں ریاست کیلیفورنیا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔
سبیکا شیخ