آئندہ ہفتے قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی

آئندہ ہفتے قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکمت اسلام آباد رواں ہفتے غیر معمولی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا دو تین روز میں نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان متوقع ہے قومی اسمبلی کا الوداعی اجلاس مکمل ہو جائیگا۔آئندہ ہفتے پانچ سالہ مدت پوری ہونے پر قومی و صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی ملکی تاریخ میں دوسری جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جب کہ تیسری قومی وصوبائی اسمبلیاں ہوں گی جو وقت مقررہ پر رخصت ہو رہی ہیں، دو قومی و صوبائی اسمبلیاں سابق فوجی صدر پرویز مشرف ،پیپلزپارٹی کے اداورمیں مدت مکمل کر چکی ہیں اور اب مسلم لیگ (ن) کے حالیہ دور میں اسمبلی اپنی پانچ سال مدت مکمل کرے گی ۔ فاٹا کے انضمام کے معاملے پر حکومت اور اتحادیوں میں تعلقات کار میں رواں ہفتے غیر معمولی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی طرح اہم سیاسی سرگرمیوں میں نگران وزیر اعظم کی نامزدگی کے معاملے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان کل ملاقات ہو گی۔ اتفاق رائے میں مزید تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیر اعظم کے لئے تاحال وزیراعظم کی طرف سے کسی نام سے اپوزیشن لیڈر کو آگاہ کیا گیا ہے نہ اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کو کسی نام سے آگاہ کیا دونوں اطراف سے نگران وزیراعظم کے ناموں کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔رواں ہفتے اس معاملے پر پیش رفت کے امکان کے ساتھ مختلف حلقوں میں اس معاملے پر خدشات کا بھی اظہار کیا جارہا ہے اہم سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے اس جمعہ کو قومی اسمبلی کا الوداعی اجلاس بھی مکمل ہوجائے گا اور ارکان قومی اسمبلی کو رخصت کردیا جائے گا آئندہ ہفتے کے اواخرمیں جمعرات کی رات باری بجے پانچ سالہ مدت پوری ہونے پر قومی و صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...