مخالفین دوبارہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں : پرویز خٹک
پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حقیقی معنوں میں ملک میں تبدیلی لائیں گے ۔ اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن او رمولانا فضل الرحمن دوبارہ اقتدار کے خوا ب دیکھنا چھوڑ دیں۔ عوام نے ان کو پہلے بھی مسترد کیاتھا اور 2018 کے انتخابات میں بھی مسترد کریں گے۔ تحریک انصاف پر عوام کا اعتماد روز بروز بڑھ رہا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں ریکارڈ اصلاحات کی ہیں۔ اداروں کو مستحکم بنایا۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کیے۔2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ وہ سابق سینٹر عدنان خان کی قیادت میں قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے حلقہ پی کے بیس موجودہ پی کے 56 خالد مہمند کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے سو دن کامنشور عوام کے سامنے پیش کردیا منشور میں غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کے ساتھ ساتھ انصاف کا بول بالا کرنے، پاکستان کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنے، حقیقی معنوں میں کشکول توڑنے، عوام کی بنیا دی ضروریات پوری کرنے ، غریب عوام کے سر پرچھت دینے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔
پرویز خٹک